• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں شہیدو زخمی کشمیریوں کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جائے

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) اقبالستان پارلیمنٹ موومنٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے عالمی برادری کشمیر کو آزاد ریاست تسلیم کرے۔ اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل کشمیر کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی قربانیوں کا احساس کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس فوری بلائے تاکہ قومی سطح پر اتفاق رائے قائم ہو۔ کشمیر کے حالات ہمارے ہاتھوں سے نکلتے جا رہے ہیں۔ عالمی میڈیا کی نظر آزاد حکومت پر ہیں وہ کشمیر کو آزاد ریاست تسلیم کرانے میں کیا اقدامات کر رہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف نے کہا یہ بڑا المیہ ہے آزاد کشمیر حکومت اور گورنمنٹ آف پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں شہدا اور زخمی ہونے والے کشمیریوں کا مقدمہ انسانی حقوق کے حوالے سے عالمی عدالت انصاف میں نہیں اٹھایا جو کہ کشمیریوں کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے۔ پاکستان مسئلہ کشمیر میں ایک فریق ہے۔ عالمی عدالت انصاف میں مظلوم کشمیریوں کے معاوضے دلانا بھارت کے خلاف جنگی جرائم کے تحت مقدمات قائم کرنا پاکستان کی ذمہ داری بنتی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عارف نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر او آئی سی وزرائے خارجہ کے موقع پر کشمیر کو ایک آزاد ریاست تسلیم کرانے کیلئے قرارداد پیش کرے۔ اگر آزادکشمیر حکومت نے مسئلہ کشمیر پر پالیسی نہ بدلی تو کشمیری عوام آزاد حکومت کے خلاف لانگ مارچ کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
تازہ ترین