• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف واقعات میں6 افراد ہلاک، 8 زخمی، تین مفرور ملزمان گرفتار

خیرپور+شکارپور +نواب شاہ(بیورو رپورٹ + نامہ نگاران) مختلف وا قعات میں 6 افراد ہلاک 8 زخمی،تین مفرور ملزمان گرفتار۔خیرپور :کوٹ ڈیجی کے قریب تالپور وڈا لنک روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم میں 3 موٹر سائیکل سوار روشن علی گوپانگ ،محمد ہاشم اور حمزہ گوپانگ شدید زخمی ہو گئے زخمیوں کو فوری رورل ہیلتھ سینٹر کنب پہنچایا گیا جہاں ان کی حالت خراب ہونے کے باعث ان کو سول اسپتال خیرپور منتقل کیا گیا ۔تینوں زخمی موٹر سائیکلوں پر گاؤں سے شہر کی طرف جا رہے تھے کہ تالپور وڈا واٹر سپلائی اسکیم کے سامنے ان کی موٹر سائیکلیں ٹکرا گئیں۔محراب پور ۔ٹھری میرواہ :گاؤں فیض محمد موجائی میں محمد عمر ولد احمد راجپر نے گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔شکارپور: موٹر سائیکل پر گاؤں جمعہ بروہی سے شکارپور کی طرف جانے والے نوجوان لیاقت علی بروہی کو انڈس ہائی وےپر جبکہ گاؤں جمعہ بروہی میں حسینہ زوجہ صدرالدین بروہی کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع واردات سے فرار ہوگئے۔ایس ایچ او محمد ایوب ڈوگر نے صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزم چاکر بروہی نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کارو کاری کے الزام میں یہ دونوں قتل کئے ہیں۔ خانپور کے قریب تھانہ فیضو کی پولیس نے گشت کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں پولیس کو مطلوب تین مفرور ملزمان خمیسو جتوئی، ساحل جتوئی اور دلشیر بکھرانی کو گرفتارکر ایک کلاشنکوف، ایک بندوق،ٹی ٹی پستول اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ کچے کے علاقے میں زمین کے تنازع پر مہر برادری کے دو گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران گولیاں لگنے کے باعث محمد رمضانموقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد ٹھاری مہر اور مجاہد مہر شدید زخمی ہوگئے۔ میرپورساکرو:مورجھریا اور میر بحر برادری کے جھگڑ ے میں لوہے کےسریوں اورپتھروں کے آذادانہ استعمال میں ھاشم اور رفیق میر بحر شدید زخمی ہو گئے جن کو گاڑھو اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں ایس ایچ او گاڑھو طیب ملاح نے ایف آئی آر درج کر کے گرفتاری کیلئے چھاپہ مارنا شروع کر دیے ہیں۔ میرپورخاص :ٹنڈوآدم روڈ پر پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد ملزم ارسلان کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے تین موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔ قبل ازیں ایس ایس پی میرپورخاص رخسار احمد کھاوڑ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایک نجی کمپنی کے گودام سے دس لاکھ 66ہزار 603روپے ، گولڈ اور چاندی کے سکے ،تین موبائل فون چوری ہوگئے تھے ،پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث کمپنی کے منیجر اور اکاؤنٹنٹ کو گرفتار کرکے آٹھ لاکھ 87ہزار 620روپے کیش ،دو عدد گولڈ اورسات عدد چاندی کے سکے ،دو موبائل فون جبکہ ایک ماہ قبل علی تالپور ٹاؤن میں واقع عارف شیخ کے گھر چوری کرنے کےالزام میں دوملزمان خورشید مکرانی اور احسان مکرانی کوگرفتار کرکے چوری شدہ رقم ،طلائی زیورات اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔ میرپورخاص:حمید پورہ کالونی میں رہائش پذیر 22سالہ نوجوان محمد احسن خان نے مبینہ طور پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی۔ میرپورماتھیلو:قومی شاہراہ پر جلد بازی میں روڈ کراس کرتے ہوءے ایک تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے پارو لاڑک ہلاک اور فرید لاڑک زخمی ہوگیا۔نواب شاہ: ایس ایچ او بی سیکشن تھانہ اقبال وسان کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر منشیات فروش اور اسلحہ ڈیلر سلطان شاہ کو گرفتار کر کے اسکے قبضے سے11 کلو چرس برآمد کر لی۔
تازہ ترین