• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواب شاہ، تجاوزات کیخلاف جلد آپریشن کیاجائے گا، سرکاری املاک پر قبضہ کرنے والوںکو سزا ہوسکتی ہے

نواب شاہ(بیورورپورٹ)ڈپٹی کمشنر شہید بے نظیرآباد محمد نعمان صدیق لاٹکی نے کہا ہے کہ تجاوزات کسی صورت میں برداشت نہیں ہیں، ضلع بھر سے پہلے مرحلے میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کرائی جائیں گے اور دوسرے مرحلے میں ناجائزتجاوزات والی عمارتوں کو منہدم کیا جائے گا وہ دربارہال میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور نوابشاہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ نوابشاہ میں اینٹی انکروچمنٹ فورس کا دفتر قائم کیا جاچکا ہے جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف خصوصی عدالتیں بھی قائم کی گئی ہیں۔سرکاری املاک پر قبضہ کرنے والے کو کم از کم ایک سال کی سزا دی جاسکتی ہے انہوں نے کہا کہ چند لوگوں کے باعث پورے ضلع کی عوام کو تکلیف میں مبتلانہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہا کہ اسپتال روڈ پر ناجائز تجاوزات کی بھرمار کی وجہ سے ایمبولنس اور مریضوں کو اسپتال پہنچنے میں پریشانی کاسامنا کرنا پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ ضلع بھر سے ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لئے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور یہ کام بلا تفریق اور ایمانداری سے انجام دیا جائے گا اور کسی سے زیادتی نہیں ہوگی انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو روزگار کے نام پر قبضہ خوری کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی نوابشاہ کے چئیرمین محمدعظیم مغل نے کہا کہ نوابشاہ شہر میں دو ہفتے کے اندر 4 مختلف مقامات پر پارکنگ ایریا بنائے جائیں گے جہاں پر شہری اپنی گاڑیاں پارک کرسکیں گے تاکہ شہر کے مین ایریا میں ٹریفک جام نہ ہو انہوں نے کہا کہ بلدیہ کی دکانوں کو دکانداروں نے بلااجازت بڑھا لیا ہے اور برآمدے کو بھی دکان میں تبدیل کردیا ہے جنہیں گرادیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سکرنڈ روڈ اور اسپتال روڈ کو صاف کرایا جائے گا ۔اجلاس سے ٹاؤن کمیٹی سکرنڈ کے چئیرمین سید منیرشاہ،ٹاؤن کمیٹی جام صاحب کے چئیرمین فقیرنوید حسین وسطڑو،ٹاؤن کمیٹی قاضی احمد ،دوڑ،باندھی کے چئیرمین اور دیگر نے خطاب کیا۔جبکہ اجلاس میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز،اینٹی انکرو چمینٹ فورس کے اہلکاروں،لوکل گورنمنٹ اور پولیس افسران نے بھی شرکت کی۔
تازہ ترین