• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فنون لطیفہ کے تمام شعبے عوامی رائے عامہ متعین کرتے ہیں،ارشد زیدی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )سینئر مصور ارشد زیدی نے کہا ہے کہ فنون لطیفہ کے تمام شعبے عوامی رائے عامہ کے تعین میں مدد گار ہوتے ہیں، اسی حوالے سے آرٹ کو عوامی سطح پر لانا آرٹسٹ کی ذمہ داری ہے۔ملک میں آرٹ کے فروغ اور ترویج کے لیے ضروری ہے کہ پرائمری سطح سےآرٹ کی تعلیم و تر بیت کا آغاز کر دیا جائے۔ تاکہ کم عمری سے انہیں رنگوں کے انتخاب پر عبور اور برش پر گرفت مستحکم ہوسکے۔ قدرتی مناظر کو پورٹریٹ کرنے سے آرٹسٹ کی تخلیقی صلاحیتوں کو جلا ملتی ہے یہ بات انہوں نے یہاں مقامی گیلری میں جنگ سے خصوصی گفتگو میں کہی ۔ ارشد زیدی کا تعلق اسلام آباد سے ہے انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم ایف اے کیا ہے ۔ اس کے علاوہ وہ کچھ عرصہ نیشنل کالج آف آرٹ سے وابستہ بھی رہے ہیں۔ ارشد زیدی واٹر کل اور آئل میڈیم میں لینڈ اسکیپ کے زریعہ اپنے فن کا اظہار کرتے ہیں ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ آرٹ کے فروغ میں گیلریز کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔لیکن اکثر نمائشوں میں فن پاروں کی قیمتوں کے تعین عام آرٹ لور کی قوت خرید کا خیال نہیں رکھا جاتا یوں وہ عام آدمی کی قوت خرید سے بہت زیادہ ہو جاتی ہیں ۔اس سلسلہ میں قیمت کے تعین کا فریضہ بھی گیلری کو ادا کر نا چاہیے کیونکہ بہت گراں قیمت ہونا کمال نہیں بلکہ آرٹسٹ کی اصل مقبولیت کاتعین تو اس سے ہوتا ہے ۔ کہ وہ کتنے لوگوں تک پہنچ پایا ۔ ایک اور سوال کے جواب میں ارشد زیدی نے بتایا ڈرائنگ کو ہمارے یہاں ابتدائی مرحلے میں خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی اسکول کی سطح پر بچوں کی تربیت اور رہنمائی بھرپور انداز میں نہیں کی جاتی جس کے باعث اسے ایک غیر اہم سبجیکٹ کے طور پر لیا جارہا ہے اس طرف توجہ ہونا چاہیے۔
تازہ ترین