• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ سیپک ٹاکرا:آسٹریلیا پاکستان کو ہراکر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

بنکاک ،تھائی لینڈ(شکیل یامین کانگا/ نمائندہ خصوصی) آسٹریلیا نے ورلڈ کنگز کپ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ میچ میں پاکستان کو شکست دیکرکوارٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا جبکہ قومی ویمنز ٹیم کو چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ میں بھیمیانمار کے خلاف اپنے تینوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میانمار نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ جمعے کو چیمپئن شپ کے آخری روز رائونڈ لیگ کے فائنلز میچز ہوں گے۔ پاکستانی مینز ٹیم اپنا آخری میچ سری لنکا کے خلاف جبکہ ویمنز ٹیم ویتنام کے خلاف کھیلے گی۔ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک کے فیشن آئی لینڈ میں کھیلی جانے والی 31 ویں ورلڈ کنگز کپ سیپاک ٹاکراچیمپئن شپ ڈویژن ٹو کے میچ میں جمعرات کو آسٹریلیا نے پاکستان کو باآسانی 3-0 کی شکست دی۔ فاتح ٹیم نے پہلے گیم کے دونوں سیٹس میں21-8 اور21-9 سے فتح اپنے نام کی۔ قومی ٹیم سرفراز رحمان، طارق خان اور باسط پر مشتمل تھی جبکہ شبیر احمد،راجا اور زاہد پر مشتمل ٹیم کو دوسرے گیم میں 21-8 اور 21-10سے ناکامی کا سامنا رہا۔ کاشف فاروقی، دانش اور محمد حسین پر مشتمل ٹیم نے آسٹریلیا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ، پہلے سیٹ میں 21-16سے شکست کے بعد دوسرے سیٹ میں21-18 سے کامیابی سمیٹی تاہم فائنل سیٹ میں قومی ٹیم کو21-17سے شکست ہوئی ۔خواتین مقابلوں میں بھی پاکستانی ٹیم خاطر خواہ کارکردگی کامظاہرہ کرنے میں ناکام رہی۔ میانمار کی کم عمر کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم نے پاکستان کی ٹیم کو تینوں میچوں میں باسانی شکست دی۔ پاکستان کوپہلے میچ میں 21-5، 21-8اور21-7سے شکست دی۔
تازہ ترین