پاکستان ٹیم کو زیادہ ٹیسٹ میچز ملنے چاہئیں، یونس خان
| |
Home Page
ہفتہ 28 رمضان المبارک 1438ھ 24 جون 2017ء
October 21, 2016 | 12:00 am
پاکستان ٹیم کو زیادہ ٹیسٹ میچز ملنے چاہئیں، یونس خان

Todays Print

ابوظہبی(جنگ نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان پاک بھارت کرکٹ کو اس خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بہت ضروری سمجھتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ سیاست کو کھیل سے بالکل الگ رکھنا چاہیے۔ یونس خان کا کہنا ہے کہ تنقید کو اصلاح سمجھتا ہوں اور دس ہزار ٹیسٹ رنز بناکر پاکستان کی جانب سے منفرد اعزاز اپنے نام کرنا چاہتا ہوں۔یونس خان نے ابوظہبی کے شیخ زید ا سٹیڈیم میں پاکستانی میڈیا کو ایک انٹرویو میں کہا کہ جب بھی پاکستان اور بھارت ایک دوسرے سے دنیا کے کسی بھی حصے میں کھیلتے ہیں تو میدان بھر جاتے ہیں۔اس کرکٹ کو دنیا دیکھتی ہے اور اس کی زبردست مقبولیت ہے لہٰذا ضروری ہے کہ پاک بھارت کرکٹ کو سیاست سے دور رکھتے ہوئے جاری رکھا جائے اس سے اس خطے میں کرکٹ کو فروغ ملے گا۔پاکستان اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی اہم ترین ٹیموں میں سے ایک ہے لہٰذا پاکستان کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ٹیسٹ میچز ملنے چاہیئیں ، خواہش ہے کہ پاکستان میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ شروع ہو۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں بہت زیادہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ ہورہی ہے لیکن ٹیسٹ کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ بھی بہت بڑی تعداد میں ہیں اس کے علاوہ کسی بھی کرکٹر کی اصل اہمیت اس کے ٹیسٹ میچز سے ظاہر ہوتی ہے۔ یونس خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز کی تکمیل کے لیے پانچ سو چوالیس رنز درکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی ریکارڈ کے لیے نہیں کھیلے لیکن وہ اپنے دس ہزار رنز تک جلد سے جلد پہنچنا چاہتے ہیں۔ یہ ان کے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہوگی کیونکہ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر ہوں گے۔ یونس خان نے کہا کہ پہلا ٹیسٹ جیتنے کے باجود ہمیں ریلکس نہیں کرنا چاہیئے۔ انگلینڈ کی سیریز سے جو تسلسل ملا ہے۔ اسے برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور نمبر ایک ٹیم کا اعزاز دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔