• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین پی سی بی وطن پہنچ گئے، آج سے عہدہ سنبھالنے کا امکان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیئرمین کی تبدیلی کی کوششیں دم توڑ گئیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان دو ماہ لندن میں گذارنے اور دل کا کامیاب آپریشن کرانے کے بعد جمعرات کی صبح لاہور پہنچ گئے۔ وہ آرام کو ترجیح دے رہے ہیں۔ امکان ہے کہ وہ جمعے سے پی سی بی ہیڈکوارٹر میں اپنی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ شہریارخان کے آپریشن سے قبل آپریشن یہ افواہیں گردش میں تھیں کہ وہ میڈیکل کی بنیاد پر عہدہ چھوڑ دیں گے۔ تاہم وہ انکی تردید کرتے رہے ہیں۔شہریار خان 2014 میں تین سال کے لیےچیئرمین منتخب ہوئے تھے۔ ان کے عہدے کی مدت میں ابھی ایک سال باقی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انھیں اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کے لیے کہا ہے۔ نواز شریف نے لندن میں شہریار خان کی عیادت بھی کی تھی۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ میں شہریار خان کے عہدہ چھوڑنے کی خبریں گردش کر رہی تھی۔ جس کا پس منظر بورڈ کے بڑوں کے درمیان مبینہ اختلافات بتایا جارہا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے شہریار خان کو اپنی ذمہ داریاں جاری رکھنے کی ہدایت کو ان کے مخالف گروپ کےلیے ایک واضح پیغام تصور کیا جا رہا ہے۔ شہریار خان وطن واپسی کے بعد میڈیا سے بات کرنے سے گریز کررہے ہیں۔
تازہ ترین