• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹر عبدالقیوم نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا

لندن (جنگ نیوز) وزیر اعظم کے خصوصی نمائندہ برائے کشمیر سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم اور قیصر احمد شیخ ایم این اے نے برطانیہ میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کے دفتر کا دورہ کیا اور ایمنسٹی کے عہدیداروں کو مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ سینئر ایڈوائزر ساویو کارویل اور ریسرچ فیلو نادیہ رحمٰن سے ملاقات میں کشمیر میں قابض افواج کی جانب سے نہتے شہریوں کے خلاف کی جانے والی زیادتیوں کے بارے میں بریف کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل ریجن کے بحران اور مقبوضہ وادی میں حالیہ تشدد کے واقعات کے تناظر میں اپنا تحقیقاتی مشن وہاں بھیجے۔ ایمنسٹی کے عہدیداروں کو قابض افواج کے مظالم کا نشانہ بننے والوں کی تصاویر بھی پیش کی گئیں۔ عبدالقیوم اور قیصر شیخ نے زور دیا کہ مسئلہ کشمیر اور حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے جہاں 3ماہ سے کرفیو نافذ ہے۔ ایمنسٹی کے نمائندے ساویو نے کہا کہ تنظیم مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ ہے اور اس نے مقبوضہ کشمیر بشمول سری نگر کی خراب صورت حال کے بارے میں معلومات جاننے سے اتفاق کیا۔
تازہ ترین