• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرحومین کیلئے تعزیت کا دین میں طریقہ بتایا گیا ہے، مولانا حافظ عبدالاعلیٰ درانی

بریڈفورڈ (پ ر) مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کے سیکرٹری اطلاعات مولانا حافظ عبدالاعلیٰ درانی نے مرحومین کی تعزیت کے سلسلے میں کہا ہے کہ ہمارے دین میں تعزیت کرنے کا طریقہ بتایا گیا ہے، سورہ بقرہ میں ارشاد باری تعالیٰ ہے’’اے ایمان والو مصیبت میں نمازاور صبر کے ساتھ اللہ کی مدد مانگو ، یقینا اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے، اور ہم تمہیں خوف بھوک اور مال و جان اور پھلوں کے نقصان سے آزمائیں گے، صبر کرنے والوں کو بشارت سنا دیں یہ وہ لوگ ہیں کہ ان پرجب مصیبت آتی ہے تووہ کہتے ہیں ہم اللہ ہی کے ہیں اور اسی کی طرف واپس جانے والے ہیں ہیں( یعنی انا للہ وانا الیہ راجعون کہتے ہیں) ان لوگوں پر اللہ کی صلات اور رحمت ہوتی ہے یہی لوگ ہدایت پانے والے ہیں‘‘ انہوں نے کہا سنت نبوی ہی مسلمانوں کیلئے مشعل راہ ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اپنے چچا حضرت حمزہ شہید ہوئے، سیکڑوں صحابہ کرام کے علاوہ آپ کی اولاد بھی آپ کی حیات مبارکہ میں وفات پاگئی، لیکن خود آپؐ کا اور آپ کے بعد اصحاب رسول کااور خیرالقرون سے لے کر اب تک سلف صالحین کے ہاں تعزیت کاطریقہ تقدیرالٰہی پر صبراور رب السموات والارض کے فیصلے پر راضی برضارہنے کا ہی رہا ہے۔ مولانا عبدالاعلیٰ نے کہا کسی کی یاد میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شمعیں روشن کرنا،غیرمسلموں کاطریقہ ہے،دینی و معاشرتی معاملات میں غیرمسلموں کی نقالی اور مشابہت منع ہے ، مسلمانوں کے دین کا حسن صرف اللہ و رسول کے احکامات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔
تازہ ترین