• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

التمش انسٹیٹیوٹ نے اعلیٰ ڈینٹل کالج کی حیثیت اختیار کرلی، مراد علی شاہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے حالیہ برسوں کے دوران صوبہ سندھ میں ہائر ایجوکیشن کے فروغ میں مثبت کردار ادا کرنے پر کراچی یونیورسٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ التمش انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن کے جلسہ تقسیم اسناد 2016ء سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے التمش انسٹیٹیوٹ کی صرف 16؍ سال کے مختصر عرصے کے دوران کراچی میں اعلیٰ ڈینٹل کالجز میں سے ایک کی حیثیت اختیار کرلینے پر بھی تعریف کی اور کہا کہ مجھے جان کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ التمش انسٹیٹیوٹ سے گریجویشن کرنے والےطلبہ ملک میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز اور اچھی شہرت کے حامل دیگر امتیازی انسٹیٹیوٹ میں ہائر ایجوکیشن حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر، ڈین میڈیسن ڈاکٹر نرگس، پرنسپل اے آئی ڈی ایم پروفیسر ڈاکٹر التمش، ڈاکٹر باب گولاہر، ڈاکٹر شاہینہ التمش اور ڈاکٹر ہاجرہ نذیر نے بھی خطاب کیا ۔ جلسہ تقسیم میں 160؍ طلبہ کو اسناد تفویض کی گئیں 10؍ کو طلائی تمغے دئیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے اس امر پر خصوصی مسرت کا اظہار کیا کہ التمش انسٹیٹیوٹ روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری سوسائٹی کے نچلے طبقے کیلئے کمیونٹی ڈینٹسٹری اور چیرٹی ورکنگ میں بھی شامل ہے۔ مراد علی شاہ نے التمش انسٹیٹیوٹ کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر التمش سے کہا کہ وہ شہری اور دیہی آبادی دونوں کے لئے منہ کے کینسر پر آگہی کے لئے کمیونٹی سرگرمیاں شروع کریں۔ انہوں نے گریجویشن کرنے والے طلباء کو ہدایت کی کہ وہ اپنی مادر علمی کی اقدار کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی ذات میں حب الوطنی اور اخلاص کے احساسات پیدا کرکے اپنی کامیابیوں پر فخر کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے طلبہ کو نصیحت کی کہ گزشتہ چار برسوں تک التمش انسٹیٹیوٹ سے حاصل کی جانے والی ڈینٹل ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ وہ اپنی زندگی میں ترقی کے لئے تعلیم کا حصول جاری رکھیں۔ زندگی میں اعلیٰ اور جدید تعلیم کے حصول کا کوئی کنارہ نہیں۔ انہوں نے اپنی تقریر کے اختتام پر قائداعظم محمد علی جناح کا یہ قول دُہرایا کہ ’’عظمت کی قیمت ذمہ داری کا احساس ہے‘‘ ۔ پرنسپل اے آئی ڈی ایم پروفیسر ڈاکٹر التمش نے اپنے خطاب کے آغاز پر مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی پروفیسر محمد قیصر اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ فیکلٹی اور انتظامیہ اپنے اُوپر جو اعتماد کیا گیا ہے اُس پر پورا اُترنے کا عزم رکھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی ڈی ایس پروگرام کے علاوہ انسٹیٹیوٹ کامیابی کے ساتھ پوسٹ گریجویٹ پروگرام بھی چلا رہا ہے۔ ایف سی بی ایس ٹریننگ میں چلنے والے پروگرام کو سی پی ایس پی کی جانب سے اہم تعلیم کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے جبکہ ہم ایم ڈی ایس ایم ایس سی اور ایم فل پروگرام بھی بیسک سائنسز اور کلینکل مضامین بھی چلا رہے ہیں ہمارے تمام ٹریننگ پروگرام پی ایم ڈی سی کی جانب سے تسلیم شدہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ التمش انسٹیٹیوٹ کا بین الاقوامی اداروں سے بھی الحاق ہے۔ پی ایچ ڈی پروگرام کے لئے سوئیڈن میں کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ سے اشتراک کیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں التمش کے طلبہ و طالبات کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری لینے کے لئے پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز بشمول ریسرچ ورک کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ التمش پاکستان کے نجی شعبے میں پہلا ڈینٹل انسٹیٹیوٹ ہے جہاں کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ سوئیڈن کے اشتراک سے ڈینٹسٹری میں پی ایچ ڈی پروگرامز کئے جا سکتے ہیں۔ پرنسپل التمش انسٹیٹیوٹ نے مزید بتایا کہ کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ سے ہمارے طالبعلموں اور فیکلٹی کے لئے ایک انتہائی کارآمد اور کامیاب تبادلے کے پروگرام کا معاہدہ بھی ہے۔ بڑی تعداد میں طالبعلم تبادلے کے اس پروگرام سے مستفید ہو چکے ہیں انہوں نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ حالیہ برسوں میں داخلوں کے معیار کو بہت بہتر بنا دیا گیا ہے جبکہ ڈراپ آئوٹ شرح سلیکشن پراسس میں بہتری کے نتیجے میں کم ہو چکی ہے۔ کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے التمش انسٹیٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن سے گریجویشن کرنے والے طلباء کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چار سالہ کٹھن تعلیمی سلسلے کا اختتام گریجویشن کرنے والے طلبہ کے لئے ان کی زندگی کے انتہائی خصوصی لمحات ہوتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا اپنے مصروف شیڈول سے وقت نکال کر اے آئی ڈی ایم کی گریجویشن تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی میں گریجویٹ طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اپنی کامیابیوں پر خوش ہونے کے لئے تمام وجوہات موجود ہیں تاہم انہوں نے یاددہانی کرائی کہ یہ کامیابیاں اللہ تعالیٰ کی جانب سے کی گئی ہیں آپ نے اپنا چار سالہ نصاب کامیابی سے مکمل کرلیا۔ انہوں نے گریجویشن کرنے والے طلباء کے والدین کو بھی گرمجوشی سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آپ لوگ اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کی خوشیوں کے اس موقع پر انہیں مستقبل میں کامیابی کیلئے اپنی دعائوں میں شامل کرنے کے لئے موجود ہیں۔
تازہ ترین