| |
Home Page
بدھ 02 ذیقعدہ 1438ھ 26 جولائی 2017ء
October 21, 2016 | 12:00 am
سامعہ شاہد مقدمے کی سرگرمی کے ساتھ پیروی کررہے ہیں

Todays Print

لندن(مرتضیٰ علی شاہ)وزیراعظم نواز شریف نے لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ  ناز شاہ کے نام ایک خط میں یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت غیرت کے نام پر قتل کی گئی برٹش پاکستانی خاتون سامعہ شاہد کے مقدمے کی سرگرمی کے ساتھ پیروی کررہی ہےاور آپ کے خط میں کی گئی درخواست کے حوالے سے متعلقہ  حکام کو ضروری ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔وزیر اعظم نے اپنے خط میں پاکستانی کمیونٹی کیلئے ناز شاہ کی خدمات کی تعریف بھی کی ہے ، جیونیوز سے باتیں کرتے ہوئے ناز شاہ نے کہا کہ سامعہ شاہدقتل کیس کے حوالے سے پاکستان کی حکومت کاسرگرم کردار قابل تعریف ہے۔میرے خیال میں پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس کیس میں نمایاں کردار ادا کیاہے۔شہبازشریف نے اس کیس میں ذاتی دلچسپی لی ہےاوراس سلسلے میں اب تک کوئی کرپشن نہیں ہوئی ہے۔ابتدا میں اس کیس کے حوالے سے کچھ مشکلات تھیں لیکن تفتیش کاروں کی موجودہ ٹیم نے شاندار کام کیاہے جو قابل تعریف ہے۔ناز شاہ نے کہا کہ برطانیہ کے فارن اور کامن ویلتھ آفس کو اس بات پر حیرت ہے کہ پاکستانی حکام نے اس تیزی سے کارروائی کرکے اس میں ملوث مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا انھوں نے کہا کہ ایف سی سی کے حکام نے اعتراف کیاہے کہ پنجاب پولیس نے اس کیس میں حقیقی معنوں میں پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔ناز شاہ نے کہا کہ اس کیس میں دلچسپی لینے پرمجھے ایک مرد اور خاتون کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی تھیں بریڈ فورڈ میں ایک کال کاسراغ لگایاگیااور اب یہ کال کرنے والا مرد اور خاتون پولیس کی جانب سے ضمانت پر ہے۔انھوں نے کہا کہ پولیس نے مجھے بتایا کہ یہ لوگ مجھے قتل کرنا چاہتے تھے۔لیکن میں نے عہد کررکھاہے کہ میں ہار نہیں مانوں گی اور ان لوگوں کیلئے آواز اٹھاتی رہوں گی جن کی جانب سے بولنے والا کوئی نہیں ہوتا۔ سامعہ شاہد کے شوہر سید مختار کاظم نے کہا کہ ان کی اہلیہ دل کادورہ پڑنے سے ہلاک ہو ئیں ،لیکن انھوں نے اس پر آواز اٹھائی اور بتایا کہ ان کی اہلیہ کو غیرت کے نام پر قتل کیاگیاہے انھوں نے کہا کہ سامعہ شاہد کے گھر والے ہمارے تعلقات کے مخالف تھے، سامعہ شاہد کا  پہلا شوہر اس کا کزن تھا جس کا تعلق پاکستان کے ایک دیہات سے ہے۔