• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مال روڈپر احتجاجی مظاہرے‘ وزیراعلیٰ پنجاب سے وضاحت طلب

لاہور(خبرنگارخصوصی)ہائیکورٹ کے منع کرنے کے باجود مال روڈ پر احتجاجی مظاہرے  اوردھرنے بند نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ کے  جسٹس عباد الرحمان لودھی نےوزیراعلی پنجاب سے وضاحت طلب کر لی جبکہ ، ڈی آئی جی آپریشنز،چیف ٹریفک پولیس آفیسر اورڈی سی او لاہورکو توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کردئیے ۔ لاہور ہائیکورٹ  نے مال روڈ پر احتجاج کا  نوٹس لیا جس میں بتایا گیا کہ مال روڈ پر احتجاج کی وجہ سے فاضل جج کی گاڑی بھی ٹریفک میں پھنس گئی اور فاضل جج وقت پر عدالت نہیں پہنچ سکے۔لاہور ہائیکورٹ نے ڈی آئی جی آپرپشنل ڈی سی او اور سی ٹی او کو طلب کیا ۔ان کے پیش ہونے پر ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ مال روڈ پر دھرنے اورمظاہرے روکنے سے متعلق 2011کے عدالتی حکم پر عمل کیوں نہیں کیاگیا۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ پولیس اگر عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کرواسکتی تولکھ کردے ۔ فاضل جج نے  کہا کہ 500افراد نے مال روڈ کویرغمال بنایاہوا ہے پولیس کدھر ہے؟ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ کووہ مظاہرین سے مذاکرات کر رہے ہیں جسٹس عبادالرحمن لودھی نے برہمی کااظہارکیا اور کہا کہ 5سال گزر گئے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ فاضل جج نے باور کرایا کہ مجھے زبانی باتیں نہیں عملدرآمد چاہئے ۔ ہائیکورٹ نے وزیر اعلی پنجاب سے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے پر وضاحت طلب کرلی اور ڈی آئی جی آپریشنل سی ٹی او اور ڈی سی او لاہور کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے کہ کیوں نہ ان کے خلاف عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔ ازخود نوٹس پر مزید کارروائی 27 اکتوبر کو ہوگی۔
تازہ ترین