• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاریخی جہانگیرپارک کی اصل حالت میں بحالی کا کام شروع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کےایم سی حکام نے سندھ ہائی کورٹ کو بتایا ہے کہ جہانگیر پارک کی اصل حالت میں بحالی کے لیے کام شروع کر دیا گیا ہے ۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس ندیم اختر کی سربر اہی میں قائم دورکنی بینچ نے جہانگیر پارک سے تجاوزات کے خاتمے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی، دوران سماعت کے ایم سی کےڈائریکٹر لینڈ مظہر خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے رپورٹ بشمول تصاویر پیش کی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ جہانگیر پارک سے کچرا اور ملبہ اٹھالیا گیا ہے اور پارک کی اصلی حالت میں بحالی کے لیے کام بھی شروع کر دیا گیا ہے جس کی درخواست گزار نے بھی تائید کی اور عدالت کو بتایا کہ جہانگیر پارک کی بحالی کے لیے تین این جی اوز نے مالی معاونت کی ہے لہذاان کی استدعا ہے کہ پارک کو نجی شعبے کےحوالے کر دیا جائے تاہم عدالت نے درخواستوں کی سماعت ملتوی کر دی ہے،  قبل ازیں درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ جہانگیر پارک ایک تاریخی اہمیت کا حامل ہے لیکن متعلقہ حکام کی مدد سے قبضہ مافیا نے پارک کے مختلف حصوں پر قبضہ کر لیا ہے اور تجاوزات قائم کر دی گئی ہیں جس کے باعث پارک کی حالت ابتر ہو چکی ہے جہاں نشئی افراد نے ڈیرے لگا رکھے ہیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ نے متعدد بار احکامات دیے تھے کہ پارک کو اصلی حالت میں بحال کیا جائے تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں اٹھا ئے گئے لہذااستدعا ہے کہ کارروائی عمل میں لائےجائے ۔ 
تازہ ترین