• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈگڈگی کے بغیر پاکستان کی سیاست سونی سونی لگتی ہے

m.islam@janggroup.com.pk
کراچی (تجزیہ، محمد اسلام) دیکھئے جناب! اشارے بہت سے لوگ کرتے ہیں اور اشاروں اشاروں میں ہی بہت سوں کا کام ہوجاتا ہے بعض تو زبان ہی اشاروں کی سمجھتے ہیں پھر بھی کچھ لوگ اشاروں کی زبان سمجھنے سے قاصر رہتے ہیں۔
بات یہ ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ڈگڈگی بجانے والوں سے ڈرنے والے نہیں جس پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے وضاحت کی ہے وزیر اعظم کا اشارہ غیر سیاسی لوگوں کی طرف تھا۔ لگتا ہے خورشید شاہ اشاروں کی زبان زیادہ بہتر سمجھتے ہیں۔ اس کے بعد وزیر اعظم کے ڈگڈگی بجانے والے بیان پر پنجاب اسمبلی میں بھی خوب ہنگامہ ہوا اور ایک تماشا لگ گیا۔ حالانکہ ڈگڈگی بجا کر بھی ایک تماشا ہی لگایا جاتا ہے۔ دیکھئے صاحب! ڈگڈگی از خود بڑی دلچسپ شے ہے جسے ہر کو ئی آسانی سے بجا لیتا ہے حکیم شرارتی کا خیال ہے کہ کچھ اور بجانے سے ڈگڈگی بجانا ہی بہتر ہے۔ ماضی پر نظر ڈالیں تو آپ کو ڈگڈگی کا شاندار تاریخی پس منظر دکھائی دے گا۔ ہمارے معاشرے میں مداری ڈگڈگی آج سے نہیں صدیوں سے بجارہے ہیں اور عوام کو بے و قوف بنارہے ہیں مجمع لگانے کے لیے ڈگڈگی بجانے ہی بہتر عمل ہے اس کی آواز پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوجاتے ہیں ۔ ہوسکتا ہے بعض لوگ ڈگڈگی سے ڈر جاتے ہوں مگر ہمارے وزیر اعظم ڈگڈگی سے ڈرتے نہیں ۔ جس طرح پرویز مشرف کہتے تھے میں کسی سے ڈرتا ورتا نہیں۔ سردست مسئلہ یہ ہے کہ ایک مداری کی ڈگڈگی ہے، ایک سیاسی ڈگڈگی ہے اور ایک غیر سیاسی ڈگڈگی ہے بہر حال سب ڈگڈگیاں بجانے کے ہی کام آرہی ہیں اس لیے عوام ڈگڈگی بجانے والوں کو سنجیدہ نہ لیں لیکن غیر سنجیدہ لیں تو اچھا ہوگا۔ دیکھئے جناب! وزیر اعظم کا اشارہ واضح طورپر ان ہی کی طرف تھا جو ڈگڈگی بجارہے ہیں اور تماشا لگا رہے ہیں اور ڈگڈگی بجا کر لوگوں کی توجہ حاصل کررہےہیں۔ ڈگڈگی کوئی بھی بجائے عوام ڈگڈگی کے عادی ہوچکے ہیں ڈگڈگی بجتی رہی ہے اور بجتی رہنی چاہیے۔ حکیم شرارتی کا خیال ہے کہ ڈگڈگی کے بغیر پاکستانی سیاست سونی سونی لگتی ہے۔ اس صورت حال میں جو ڈگڈگی کو بجانا برا سمجھتے ہیں یا اسے کسی کو ڈرانے کے لیے استعمال کرتے ہیں انہیں اپناقبلہ درست کرنا چاہیے حکیم شرارتی نے ایک آہ بھری کہ شعر قارئین کی نذر کردیا ہے (شعر میں تھوڑی سی تبدیلی کے لیے معذرت)
ڈگڈگی بجانے والے کم نہ ہوں گے
تیری محفل میں لیکن ہم نہ ہوں گے

.
تازہ ترین