• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کرکٹ بورڈ تجرباتی طور پر ڈی آر ایس کے استعمال پر راضی

ممبئی ( نیوز ایجنسیز) برف پگھل گئی۔ ڈی آر ایس کے سب سے بڑے مخالف بھارتی کرکٹ بورڈنے انگلینڈ کے خلاف سیریز میں تجرباتی بنیادوں پر ریویو سسٹم کے استعمال پر رضامندی ظاہر کی ہے۔2008 میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز میں پہلی مرتبہ ریویو سسٹم کا استعمال کیا گیا لیکن یہ ان کی واحد دوطرفہ سیریز تھی جس میں ڈی آر ایس سسٹم پوری طرح استعمال کیا گیا۔ بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہاک آئی نے بی سی سی آئی کی تمام سفارشات پر عمل کیا ہے اور ہم تصدیق کرتے ہیں کہ بہتری کے حامل اس ڈی آر ایس کا تجرباتی بنیادوں پر انگلینڈ کے خلاف سیریز میں استعمال کیا جائے گا۔ البتہ اسے جاری رکھنے کا فیصلہ ڈی آر ایس کی کارکردگی اور اس سے ملنے والے ردعمل کی بنیاد پر کیا جائے گا۔یاد رہے کہ بھارتکا ڈی آر ایس پر سب سے بڑا اعتراض یہ تھا کہ گیند پیڈ پر لگنے کے بعد صحیح راہ متعین نہیں کر پاتی تھی جس کی وجہ سے ریویو ضائع ہونے کا خطرہ تھا لیکن الٹرا موشن کیمرہ کے استعمال کی بدولت اس خامی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے۔ ماضی میں بھارت کے مسلسل انکار کی وجہ سے ہی اسی کی تمام دوطرفہ سیریز میں ڈی آر ایس کا استعمال نہیں کیا جاتا تھا۔
تازہ ترین