• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کتنی بھی رکاوٹیں یا مشکلیں آئیں آنیوالی نسل کو جلتا پاکستان نہیں دینگے،سعد رفیق

لاہور(وقائع نگارخصوصی  )وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کتنی بھی رکاوٹیں یا مشکلیں آئیں  آنے والی نسل کو جلتا ہوا پاکستان نہیں دیں گے،تنقید کرنا ہر کسی کا حق ہےلیکن کسی کو شہر بند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے سٹار مارکیٹنگ کی گیارہویں سالانہ تقریب تقسیم ایوارڈزسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے کہایہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ شہر کھلا رہےکاروبار کا پہیہ چلتا رہے۔توقع اور امید رکھتے ہیں کہ سیاست کو سیاست کی حد تک رہنے دیا جائیگا۔دارلحکومت کھلا رہےگاتو ترقی کا پہیہ بھی چلتا رہے گا۔ملک نازک دور سے گزر رہا ہے۔ 46 ارب کی سرمایہ کاری کی پہلی قسط ہے اس کے بعد مزید سرمایہ کاری کی امید ہے۔تمام سیاستدانوں،بزنس مینوں اور اہل صحافت سمیت دیگران کو اس کا ادراک ہونا چاہیئے۔ہم   میں بھی سو خامیاں ہوں گی جس پر تنقید کرنا اپوزیشن کا حق ہےمگردارلخلافہ کو بند کرنا کسی طرح بھی مناسب نہیں۔دارالحکومت کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ فری فال جمپ لگانا ٹھیک نہیں ہوتا اس میں نقصان کا احتمال ہوتا ہے ۔ ہم کبھی کبھی فری فال جمپ لگا دیتے ہیں مگر خدا کے فضل سے بچ جاتے ہیں۔ چین نے پچھلے30 سالوں میں معجزاتی ترقی کی ہے۔ماضی میں کراچی چینیوں کیلئے ڈریم سٹی کا درجہ رکھتا تھا۔چین کا ہر کاروباری فرد کراچی کا دورہ کئے بغیر اپنے آپ کو ادھورا سمجھتا تھا۔جب ہم نے ریلوے کا چارج سنبھالامحض 18 ارب کماتے تھے جبکہ پچھلا مالی سال 36 ارب روپے پر کلوز کیا ہے۔ ریلوے مرا ہوا تھا جس پر گدھ منڈلا رہے تھے اور نوچنے کے لئے تیار تھے ۔ اب 80 فیصد گاڑیاں وقت پر آتی ہیں۔چند سالوں میں ریل گاڑی 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پر چلا دیں گے اور لاہور، پنڈی کا سفر ڈھائی گھنٹے میں طے ہو گا۔ سٹار مارکیٹنگ کی کامیابیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دو چار برس کی بات نہیں بلکہ یہ نصف صدی کا قصہ ہے۔ میں واثق نعیم کو دور جوانی سے جانتا ہوں انہوں نے محنت سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ مجیب الرحمٰن شامی نے  کہا کہ سٹار مارکیٹنگ کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں جس نے  کئی عشروں سے جدوجہد کر کے ایسا مقام حاصل کیا ہے جس پر رشک کیا جا سکتا ہے ۔ اس سے یہ سبق ملتا ہے کہ کوشش جاری رکھیں  تو کامیابی   ضرور ملتی ہے۔  چیف ایگزیکٹو سٹار مارکیٹنگ واثق نعیم خان نے کہا کہ  1940  سے محنت کا یہ سفر جاری ہے ۔ لوگ میری ذہانت کا کھوج لگانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن یہ محنت سے زیادہ خدا کا کرم ہے۔  کامیابی کا سہر ا پوری ٹیم کے نام ہے۔  میڈیا کا تعاون میرا سرمایہ ہے۔ اس موقع پر سربراہ سٹار مارکیٹنگ نے خصوصی طور پر جیو ، جنگ گروپ اور دیگر صحافتی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔  نبیحہ ویلفئیر ٹرسٹ کی بنیاد رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کار خیر میں ابتدائی طور پر 50 لاکھ روپے گرانٹ کا اعلان کرتا ہوں۔ جس سے صحافیوں ، فنکاروں سمیت دیگر ضرورت مندوں کو امداد دی جائے گی۔  تقریب میں ریجنل ڈائریکٹرعلی حبیب، جاوید ملک، غیاث انور، آصف رشید، کاشف امن، تصدق حسین سمیت6شہروں میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے  کارکنان کو شیلڈز اور ایواڈز سے نوازا گیا۔  سٹار آف دا ائیر ایوارڈ بلال شاکر کو دیا گیا  جبکہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ  مرحوم سینئر مینیجر اعجاز انور  کو دیا گیا۔ اس موقع پر جنگ گروپ اور جیو ٹی وی کی خدمات کے اعتراف میں جنرل  مینیجر مارکیٹنگ  دی نیوز عرفان اشرف کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
تازہ ترین