• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرخزانہ آج بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کا اعلان کرینگے

اسلام آباد(حنیف خالد)وفاقی وزیرخزانہ ریونیو اقتصادی امور نجکاری و شماریات سینیٹرمحمد اسحاق ڈار آج کاروباری طبقے کے مسائل کے حل کااعلان کریں گے۔ یہ اعلان وہ ہفتے کی دوپہر وفاقی دارالحکومت میں ملک بھر کے بزنس مینوں صنعتکاروںکے بڑے اجتماع سے خطاب کے دوران کرنے والے ہیں۔ اس اجتماع کااہتمام ایوان ہائے صنعت و تجارت کل پاکستان وفاق کے صدرعبدالرئوف عالم نے ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کے افتتاح کے حوالے سے کیاہے۔ اس اجتماع میں سندھ بلوچستان پنجاب صوبہ کے پی آزادکشمیرکےصنعت و تجارت کی اہم شخصیات مدعوکی گئی ہیں۔جنہوں نےجمعہ کو ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کادورہ کیا اور ایک سال میں کیپیٹل آفس کی بہترین فنشنگ کرانے پر صدر رئوف عالم کی شبانہ روز کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال ملک سابق صدور خالد جاوید، طارق صادق شیخ، خالد چوہدری، سینئرنائب صدر خالد ملک،ممبرایگزیکٹیونیناعلی ایف پی سی سی آئی کےسابق صدر سینیٹرغلام علی نے بھی عبدالرئوف عالم کی بے لوث خدمات کو سراہا۔ اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرخالد اقبال نے جنگ گروپ کے سینئرصحافی حنیف خالد کے اعزاز میں ظہرانہ دیااور جنگ گروپ سے وابستگی کے46سال مکمل کئے جانے پر ان کے ادارے سے پرخلوص رشتوں کی وفاقی دارالحکومت کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے تعریف کی۔ ایف پی سی سی آئی کیپیٹل آفس کا پلاٹ اور اس پر 7منزلہ خوبصورت عمارت کی تعمیرکاکام سارک چیمبرآف کامرس کے سینئرنائب صدر اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر افتخار علی ملک نے شروع کرایاتھا اسکے بعد آنے والے صدور نے بھی اپنی بساط کے مطابق عمارت کی تعمیرکاکام آگے بڑھایا۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار آج کیپیٹل آفس کی تختی کی نقاب کشائی کریں گے۔ ملک بھرکے چیمبروں کے عہدیداروں سے خطاب کریں گے۔ ملکی برآمدات کے فروغ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے ترغیبات و اقدامات کااعلان کریں گے۔ چاروں صوبوں آزادکشمیر کے سرمایہ کار بزنس مین صنعتکار اس موقع پر وزیرخزانہ سے ملاقات کریں گے اور اپنے مسائل بیان کرینگے۔
تازہ ترین