• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایف بی آر ملک بھر کی پی وی سی انڈسٹری کوتباہی سے بچائے گا، ہارون اختر

اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے ریونیو ہارون اختر خان اور ایف بی آر کے سینئر حکام کے ساتھ آل پاکستان پی وی سی پائپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے وفد نے کئی گھنٹے مذاکرات کئے، ایف بی آر نے خبردار کیا کہ اگر پی وی سی پائپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور اینگروپولمر کے درمیان اس کے خام مال ریزن (RESIN) کی قیمتوں کا مسئلہ ایک ماہ کے اندر طے نہ ہوا تو ایف بی آر آل پاکستان پی وی سی پائپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور اینگروپولمر کے کیس میں مداخلت کرے گا۔ مذاکرات میں ایف بی آر کے ممبر کسٹم ناصر مسرور، ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی رحمت اللہ خان وزیر، چیف سیلز ٹیکس پالیسی ذوالفقار خان اور دوسرے حکام موجود تھے۔ مذاکرات کے دوران ایسوسی ایشن کے وفد نے ایف بی آر ٹیم کو بتایا کہ انڈسٹری کا درآمد شدہ خام مال ریزن پولمر اینگرو کے مہیا کردہ ریزن سے سستا ہے حالانکہ درآمدی ریزن پر دس فیصد کسٹم ڈیوٹی اور دوسرے ٹیکس ادا ہوتے ہیں پاکستان میں اینگرو پولمر پی وی سی پائپ کا خام مال ریزن زیادہ منافع لے کر انڈسٹری کو فراہم کر رہا ہے جبکہ اینگرو پولمر نے دعویٰ کیا کہ وہ صرف 2 فیصد مارجن پر ریزن مہیا کر رہا ہے۔ ہارون اختر خان نے اپنی ٹیم ایسوسی ایشن کے ارکان اور اینگروپولمر کو ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر افہام وتفہیم سے ملک بھر میں ریزن کی سپلائی کی متفقہ قیمت کا تعین کرکے 21 نومبر کو رپورٹ پیش کریں وگرنہ ایف بی آر ریونیو اقدامات بڑھانے پر مجبور ہوگا جو پاکستان پی وی سی پائپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ممبر فیکٹریوں کو تباہی سے بچائیں گے۔
تازہ ترین