• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فوج کی شکر گڑھ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ

راولپنڈی/ شکرگڑھ/جموں(ایجنسیاں)بے لگام بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے بعد اب ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا، پنجاب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی پر دشمن کے اوسان خطا ہوگئے، بھارتی سرحدی فورس(بی ایس ایف)نے  روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام پاکستانی فورسز پر لگا دیا اور اپنے ایک اہلکار کے زخمی ہونے، جوابی کارروائی میں ایک پاکستانی اہلکار کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے بیان کے مطابق ایک پاکستانی فوجی کی شہادت کا بھارتی دعوی بے بنیاد ہے، جمعہ کی صبح بھارتی سیکورٹی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری پر شکرگڑھ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ اور شیلنگ کی جس میں چک امرو گاؤں کو نشانہ بنایاگیا۔ جبکہ پنجاب رینجرز نے بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ صبح 9 سے ساڑھے 9 بجے تک جاری رہا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا کی رپور ٹ میں بی ایس ایف کے حوالے سے الزام عائد کیا کہ پاکستان رینجرز نے ہری نگر سیکٹر میں بوبیا پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بی ایس ایف کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بی ایس ایف نے بھی جوابی فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان رینجرز کا ایک اہلکار شہید ہوگیا۔
تازہ ترین