لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے بعد اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کا کوئی جواز باقی نہیں رہتا ، دھرنےوالے ہوش کے ناخن لیں،اسلام آباد بند کرنا سی پیک بند کرانے کی کوشش ہے،اب نیازی صاحب کا اسلام آباد بند کرنے کا اعلان جمہوری، سیاسی اور اخلاقی حمایت کھو بیٹھا ہے۔ خدارا احتجاجی اور دھرنا سیاست کرنے والے اب ہوش کے ناخن لیں اور جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔ منفی سیاست سے نہ تو انہیں کوئی فائدہ پہنچے گا اور نہ ہی ملک کو۔ ایسے وقت میں جب ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے، احتجاجی اور منفی سیاست 18 کروڑ عوام سے دشمنی کے مترادف ہے۔ شکست خوردہ بعض سیاسی عناصر ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر عوام اور ملک کی کونسی خدمت کر رہے ہیں؟اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کرنے والے درحقیقت پاکستان کی ترقی اور سی پیک کے خلاف ہیں اور آپ اسلام آباد بند کرنا چاہتے ہیں لیکن حقیقت میں یہ سی پیک کو بند کرانے کی کوشش ہے۔ آپ پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے تیز سفر کو بند کرنا چاہتے ہیں۔ بلاجواز احتجاج کرنے والے ان عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ احتجاجی سیاست کرنے والے دراصل ملک میں ترقی کے عمل سے خائف ہیں ۔