• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کے انٹرنیٹ سروس پرووائیڈر پر سائبر حملہ، کئی معروف سوشل میڈیا سائٹس کو بندش کا سامنا

نیویارک (جنگ نیوز) امریکا میں انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنی پر بڑے سائبر حملے کے باعث  ٹوئٹر  اسپوٹی فائی اور امیزون سمیت کئی معروف ویب سائٹس کو سروس کی فراہمی میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکا کے محکمہ قومی سلامتی نے سائبر حملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ انٹرنیٹ سروس کمپنی ڈین، جو انٹرنیٹ ٹریفک کے انتظامات سنبھالتی اور اسے مختلف چینلوں پر رائوٹ کرتی ہے، کا کہنا ہے کہ اسے ایسٹرن ٹائم کے مطابق 11 بجے سے اپنے ڈومین سروس پر ڈسٹری بیوشن میں رکاوٹ کا سامنا ہے۔ اس رکاوٹ کو ڈسٹری بیوٹیڈ ڈینائل آف سروس (ڈی ڈی او ایس) کا نام دیا گیا ہے۔ پہلے سائبر حملے کے بعد سروسز کو دو گھنٹوں میں بحال کر دیا گیا لیکن دوبارہ حملے کے بعد سروس مکمل بند ہوگئی۔ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ انجینئرز مسئلے کے حل کیلئے کام کر رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سائبر حملے کے باعث انٹرنیٹ استعمال کرنے والے لاکھوں صارفین کئی گھنٹے تک، نیٹ فلکس، ریڈیٹ، ایٹسے اور سوفٹ ویئر ڈویلپر کمپنی گِٹ ہب جیسی بڑی اور معروف آن لائن کمپنیوں کی ویب سائٹس تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔ ویب سائٹ گِز موڈو کا کہنا تھا کہ اسے صارفین کی جانب سے سی این این، دی گارجین، وائرڈ، ایچ بی او اور پیپل سمیت کئی میڈیا اداروں کی ویب سائٹس تک رسائی میں مشکلات کی شکایات ملیں۔ نیو ہیمپشائر میں قائم کمپنی ڈین کا مزید کہنا تھا کہ سائبر حملہ اس وقت ہوا جب کمپنی کی ڈومین نیم سروس کو رکاوٹ اور سست روی کا سامنا تھا۔
تازہ ترین