• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’خفیہ آپریشن کے بادشاہ‘‘ مظہر محمود کو ٹُلیسا کیس میں 15ماہ قید

لندن(جنگ نیوز)پاکستانی کرکٹروں کےخلاف اسپاٹ فکسنگ کا اسکینڈل سامنے لانے والے صحافی مظہر محمود کو لندن کی ایک عدالت نے پاپ سنگر ٹُلیسا کونٹوسٹاولوس کے خلاف ایک مقدمے میں انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے جرم میں 15ماہ جیل کی سزا سنائی ہے۔مظہر محمود اور ان کے ڈرائیور ایلن اسمتھ پر لندن کی اولڈ بیلی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا اور ان دونوں کو انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش کرنے کا مجرم قرار دیا گیا،کیس کی سماعت کرنے والے جج جیرالڈ گورڈن نے سزا کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ محمود اپنے ساکھ کو بہتر کرنا چاہتے تھے،جج نے مظہر محمود کے ڈرائیور ایلن اسمتھ کو بھی12 ماہ جیل کی سزا سنائی،عدالت کے فیصلے کے فوری بعد نیوز یو کے نے اعلان کیا ہے کہ سابقہ نیوز آف دی ورلڈ کے تحقیقاتی ایڈیٹر مظہر محمود کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے،کمپنی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ مظہر محمود کے سابقہ کام کے حوالے سے کمپنی کے خلاف کوئی سول مقدمہ آتا ہے تو اس کا بھرپور دفاع کیا جائے گا،مختلف برطانوی اخباروں سے منسلک رہنے والے تحقیقاتی صحافی مظہر محمود پر الزام تھا کہ انہوں نے 2014میں پاپ سنگر ٹُلیسا کونٹوسٹاولوس کے خلاف ایک مقدمے میں شہادتی بیان میں رد و بدل کی سازش کی تھی،ٹُلیسا کونٹوسٹاولوس کے خلاف کوکین سپلائی کرنے کا الزام تھا لیکن ان کے خلاف چلنے والا مقدمہ 2014 میں ختم کر دیا گیا۔اولڈ بیلی میں شروع ہونے والے مقدمے میں عدالت کو بتایا گیا کہ مس کونٹوسٹاولوس کو اپنے آپ کو’’خفیہ آپریشن کا بادشاہ‘‘ کہنے والے صحافی نے نشانہ بنایا، انہوں نے اپنے آپ کو ایک بااثر فلمساز دکھایا جو پاپ سنگر کو ایک بڑی ہالی وڈ میں ایک مرکزی رول دینا چاہتا ہے،مس کونٹوسٹاولوس پر الزام تھا کہ ا نہوں نے مظہر محمود کے لیے 800 پاؤنڈ کے عوض نصف اونس کوکین کا بندوبست کیا تھا۔
تازہ ترین