• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھرنے کے مقاصدکاعلم ہے نہ اعتماد میں لیا گیا، طاہر القادری

لندن (ایجنسیاں)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دھرنے کے مقاصد کا علم ہے نہ ہمیں اعتمادمیں لیاگیاتاہم ہماری سیاسی حمایت تحریک انصاف کے ساتھ ہے‘میرے ہر سفر پر نئے وارنٹ جاری ہو جاتے ہیں‘فرنٹ فٹ پر ہوں ، بیک پر جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘ان ہاؤس تبدیلی سے کچھ نہیں ہو گا‘پورا نظام بدلنا ہو گا‘ملک میں بادشاہت ہے ‘ جمہوریت ہوتی تو اتنی سفاکی اور بربریت پھیلانے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو تختہ دار پر لٹکا دیا جاتا‘پاکستان پر مافیاقابض ہے‘پارلیمنٹ اندھی ،گونگی اور بہری ہے جسے ماڈل ٹاؤن کی قتل و غارت گری دکھائی دیتی ہے نہ پاناما کی کرپشن‘ مرتے دم تک قصاص سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ جمعہ کولندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پرمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکومت کے خلاف موثر اور بامقصد احتجاج چاہتے ہیں‘ہنگامہ کر کے بے وقت اپنے کارکنوں کو تھکانا نہیں چاہتے‘ظالموں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکاؤں گا‘قصاص تحریک کے دوسرے راؤنڈ کا اعلان مناسب وقت پر ہو گا‘ وہ مناسب وقت ہمارے علم میں ‘ انہوں نے تحریک انصاف کے دھرنے کے حوالے سے کہا کہ احتجاج کتنے دن ،ہفتوں، مہینوں کا ہو گا اس بارے میں کچھ معلومات نہیں‘استعفیٰ آیا اور نہ تلاشی دی گئی تو پھر کیا ہو گا؟ کیا حکمرانوں کے ملازم ادارے نیب، ایف آئی اے، ایف بی آر تلاشی لیں گے؟اوپر سے لے کر نیچے تک ریفارمز کے بغیر حقیقی جمہوریت اور عدل کا نظام قائم نہیں ہو گا‘حکمران کشمیر سمیت ملکی ایشوز پر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں‘ان کی کوئی سوچ ،پالیسی اور ویژن نہیں ہے‘ان کا ایک ہی ویژن ہے کہ ملکی خزانے کو لوٹ کر بیرون ملک محلات قائم کرو‘شہدائے ماڈل ٹاؤن کے بے گناہ خون کے سبب شریف برادران کا خاتمہ ہو گا ۔انصاف کی جدوجہد میں میری جان بھی چلی جائے تو پھر بھی میں ہی سرخرو ہوں گا ‘جانتے ہیں موجودہ حکمرانوں کے ہوتے انصاف نہیں ملے گا تاہم انصاف کیلئے جدوجہد جاری رہے گی‘میرا حالیہ سفر سانحہ ماڈل ٹاؤن کو انسانی حقوق کے عالمی فورمز پر اٹھانے اور انصاف کے لیے ہے‘لاءفرم سے بریفنگ لوں گا‘کیس آخری مرحلے میں ہے۔
تازہ ترین