• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی طاقت سے نہیں دبائی جاسکتی، ایاز صادق

لندن( جنگ نیوز) قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق نے کہاہے کہ کشمیری عوام کی آزادی اور حق خود اختیاری کے حصول کی جدوجہد کشمیری عوام کی اپنی جدوجہد ہے اور اسے ریاستی طاقت سے دبایا اورکچلا نہیں جاسکتا۔ برٹش پارلیمنٹ میں پاکستان سے متعلق آل پارٹی پارلیمانی گروپ کے ارکان کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام کے خلاف بھارتی فوج کی بربریت سے متعلق حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں کی نظیر نہیں ملتی لوگوںقتل کیا جارہاہے ، انھیں زخمی کیا جارہا ہے اور پیلٹ گن استعمال کرکے انھیں بینائی سے محروم کیاجارہاہے، انھوں نے ارکان کو بتایا کہ بھارتی فوج اب تک ایک لاکھ سے زیادہ کشمیریوں کوحق خود اختیاری کا مطالبہ کرنے پر شہید کرچکی ہے ، انھوں نے برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ یہ مسئلہ حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ کشمیر تقسیم برصغیر کا ادھورے ایجنڈے کاحصہ ہے۔ انھوں نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ برطانوی وزیر اعظم پر زور دیںکہ وہ بھارت کے مجوزہ دورے میں مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں کامسئلہ بھارتی وزیراعظم کےسامنے اٹھائیں ۔انھوں نے ارکان کو بتایا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم اسلامی کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کے خلاف انتہائی سخت قرارداد منظور کی ہےاور کشمیری عوام کے جائز موقف کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا ہے۔برطانوی ارکان پارلیمنٹ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کااظہار کیا اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا وفد بھیجنے کی یقین دہانی کرائی۔انھوں نے یقین دلایا کہ وہ برطانوی وزیر اعظم کو ان کی تشویش سے آگاہ کردیں گے اور تاکہ وہ بھارتی وزیر اعظم کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھاسکیں۔آل پارٹی پارلیمانی گروپ کے اجلاس میں برطانوی ارکان پارلیمان،لارڈ نذیر احمد، لارڈ قربان حسین، لارڈ کرک ووڈ، رکن پارلیمنٹ ڈیوڈ نٹال ،سٹیو بیکر ،راجہ نجابت حسین اورمشتاق لاشاری کےعلاوہ مختلف شہروں کے میئرز، کونسلرز، کشمیری تنظیموں کے ارکان ،پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور میڈیا کے نمائندوں کے ارکان بھی شریک ہوئے ، اس موقع پر سید نوید قمر نےبھی شرکا سے خطاب کیا اور انھیںمقبوضہ کشمیر کے عوام کےخلاف بھارتی فوج کی بربریت سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔آخر لندن میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کشمیری عوام کی حمایت پر ارکان پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا اور انھیں بتایا کہ پاکستانی ہائی کمیشن برطانوی حکومت کو کشمیر کے حوالے سے ایک ڈوزیئر دے چکا ہے جس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کی تفصیلات موجود ہیں رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی نے اجلا س کی صدارت کی ۔اجلاس سے قبل سپیکر ایاز صادق نے آل پارٹی پارلیمانی گروپ کے سربراہ ڈیوڈ نٹال سے علیحدہ میں ملاقات کی اور انھیں مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔
تازہ ترین