• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نژاد میئرز، کونسلرز اور کمیونٹی کومسئلہ کشمیر پر بریفنگ

لندن (جنگ نیوز) وزیراعظم کے خصوصی نمائندہ برائے کشمیر سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم اور قیصر شیخ ایم این اے نے پاکستان نژاد میئرز، کونسلرز اور کمیونٹی کو مقبوضہ کشمیر اور کنٹرول لائن کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی۔ پاکستان ہائی کمیشن میں ہونے والے اس اجلاس کے علاوہ پاکستانی خصوصی نمائندے نے پریس کانفرنس بھی کی اور میڈیا کو مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلے میں پاکستان کی تازہ ترین کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ کمیونٹی اور میڈیا کو خصوصی نمائندے اور برطانوی پارلیمنٹیرینز حقوق انسانی کی تنظیموں اور برطانوی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے بارے میں اپ ڈیٹ کیا گیا۔ سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سٹیٹس کو آپشن نہیں ہے کیونکہ اس سے صرف مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مشکلات اور تکالیف میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ باہمی مذاکرات کے ذریعے اب تک مسئلہ کشمیر کا کوئی حل تلاش نہیں کیا جا سکا ہے اور اب تھرڈ پارٹی مصالحت کی سہولت خصوصاً برطانیہ کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس موقع پر موجود پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہا کہ پاکستانی وفد کا یہ دورہ کامیاب رہا جس سے برطانیہ میں کشمیریوں کی بدترین صورت حال کے بارے میں آگاہی ہوئی۔ خصوصی نمائندے نے پاکستان میئرز کونسلرز اور کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر سپورٹ حاصل کرنے کے لئے اپنے اپنے ایم پیز کےساتھ لابنگ کریں۔ اسی طرح کمیونٹی سے کہا گیا کہ وہ منتخب نمائندوں کو بھارتی قابض افواج کے کشمیریوں پر مظالم سے آگاہ کریں۔ خصوصی نمائندے نے برطانوی پارلیمنٹیرینز کی اس یقین دہانی کو سراہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں وفد بھیجنے کے لئے کام کریں گے اور اقوام متحدہ پر زور دیں گےکہ وہ حقائق جاننے کے لئے مشن مقبوضہ کشمیر بھیجے۔ انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ انہوں نے برطانوی پارلیمنٹری وفد کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت دی ہے تاکہ وہ زمینی حقائق سے خود آگاہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کے لئے پاکستان پر اڑی سیکٹر پر حملے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیریوں پر بہیمانہ مظالم کا نوٹس لے۔ دونوں نمائندوں نے ریجن میں امن کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ بھاری دفاعی بجٹ دونوں ملکوں کے عوام کی ترقی اور خوش حالی پر خرچ کیا جائے۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
تازہ ترین