• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں دنیا کا طویل ترین کرفیو نافذ ہے، چوہدری یٰسین

مانچسٹر (علامہ عظیم جی) اپوزیشن لیڈر آزاد جموں و کشمیر چوہدری یٰسین نے کہا ہے کہ بھارت نے ایک سو گیارہ دنوں سے دنیا کا طویل ترین کرفیو مقبوضہ کشمیر میں نافذ کر رکھاہے۔ کشمیری عوام بھوک پیاس سے دانے دانے کو ترس رہے ہیں۔ ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ مہذب دنیا اور عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں ایسے حالات میں دنیابھر میں رہنے والے کشمیری اور پاکستانی بے چین و مضطرب ہیں اور سراپا احتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ برطانیہ 27اکتوبر کو بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے بھارتی ظلم بربریت بند کرنے کے مطالبات پر مبنی احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کے لئے آئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر ائیرپورٹ پر اپنے استقبال کرنے والوں اور جنگ جیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری یاسین کے ہمراہ فیڈرل یونین آف جرنلسٹ پاکستان کے صدر افضل بٹ بھی برطانیہ آئے ہیں۔ چوہدری یاسین نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی افواج کو کشمیریوں کی نسل کشی کی کھلی اجازت دے رکھیہ ے اور وہ نت نئے بہانوں کے ساتھ نوجوان کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے اور ایل او سی پر وحشیانہ بمباری کرکے آزادکشمیر کے نہتے سویلین کو زخمی کر رہا ہے جس کا فوری نوٹس لیا جانا چاہئے انہوں نے برطانیہ میں آباد ہر پاکستانی اور کشمیری کو 27اکتوبر کو بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ میں بھرپور طریقے سے شرکت کی اپیل کی۔ استقبال کرنے والوں میں سابق مشیر آزاد جموں کشمیر خواجہ کلیم الرحمان، چوہدری پرویز، چوہدری مظہر، حاجی محمد الیاس، حاجی باغ علی، حاجی سیٹھی، محمد اکرم، قاری جاوید اختر، چوہدری منظور پاپا، آصف رشید، خواجہ صالح کلیم ساجد بٹ اوردیگر شامل ہیں۔
تازہ ترین