• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حق و باطل کی کشمکش ازل سے جاری ہے، علامہ سجاد رضوی

ناٹنگھم (زاہد انور مرزا) معروف عالم دین علامہ محمد سجاد رضوی نے کہا کہ حق و باطل کی کشمکش ازل سے جاری ہے مگر فتح ہمیشہ حق کی ہوئی ہے اور اہل حق نے ہمیشہ عزم و ہمت اور استقامت کے ساتھ مصائب و آلام کا نہ صرف سامنا کیا ہے بلکہ مضبوط ارادوں کے ساتھ کلمہ صداقت بلند کیا ہے۔ مرکزی مسجد فاطمیہ ناٹنگھم میں امام حسینؑ کی شہادت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معرکہ کربلا اہل بیت کی عظیم قربانیوں اور دین اسلام کے لئے بے مثال کوششوں کا نام ہے۔ آنحضرتؐ کے خاندان کے عظیم چشم و چراغ، نواسہ رسول کریمؐ حضرت امام حسینؑ نے اپنے خون سے داستان صبر و رضا تحریر کی۔ انہوں نے جان قربان کردی مگر اسلام کی عزت و حرمت پہ حرف نہ آنے دیا۔ علامہ رضوی کا کہنا تھا کہ اہل بیت میں جہاں حسنین کریمین اور آپ کے والدین کو منفرد حیثیت حاصل ہے وہیں یہ ضروری ہے کہ ازواج مطہرات کی عزت و حرمت اور بلند مرتبت کا مکمل احترام کیا جائے اور ان کی مقدس نسبت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ اہل سنت و جماعت کو یہ سعادت حاصل ہے کہ حضور نبی کریمؐ کی نسبت سے ہر فرد کی عزت کا پورا خیال رکھا جاتا ہے۔ اسی لیے اہل بیت کرام، صحابہ کرامؓ اور امت کے اولیائے عظام کو حسب مدارج درجہ شرف و عزت حاصل ہے اور اہل سنت ان مدارج و مراتب کے مطابق عزت بجا لانا ضروری سمجھتے ہیں، ان میں سے کسی ایک گروہ کی بے ادبی، مقدر کی خرابی، ایمان کی شکستگی اور دنیا و آخرت کی بربادی ہے۔ علامہ قاری صابر حسین نے محفل کی سرپرستی جبکہ علامہ محمد سرفراز نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے، کثیر تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
تازہ ترین