• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

18اکتوبر کے شہدا پاکستانی قوم کے ہیرو ہیں، حاجی گلزار

بولٹن (نمائندہ جنگ) سانحہ کار ساز کی نویں برسی دنیا بھر کی طرح بولٹن میں بھی انتہائی عقیدت و احترام و نظریاتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، جس میں بولٹن کے علاوہ پرسٹن اور گردونواح کے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دعائیہ تقریب سے پیپلز پارٹی برطانیہ کے سابق چیف آرگنائزر حاجی گلزار خان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے سانحہ کارساز کے شہداء کی ناقابل فراموش خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارہ اکتوبر کے شہدا پاکستانی قوم کے ہیرو ہیں جنہوں نے اپنے خون سے آئندہ آنے والی نسلوں کے لیے اعتدال کا راستہ منتخب کیا۔ انہوں نے کہا18اکتوبر کو حملے کا مقصد دراصل ملک کی ترقی کی سرگرمیوں اور جمہوری قوتوں کو نقصان پہنچانا تھا جس میں وہ کامیاب نہیں ہوسکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بے گناہ شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بلکہ شہدا کارساز کی طرح پیپلز پارٹی کا ہر کارکن وطن عزیز کی سالمیت، بقاء، جمہوری سفر کے فروغ اور دہشت گردی، انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے نہ صرف پہلے بلکہ آئندہ بھی کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ سابق ریکارڈ سیکرٹری برطانیہ نصراللہ مغل نے کہا کہ آج ان قربانیوں کا ثمر ہے کہ پاکستان ایک نئے اعتماد، نئی امید اور نئے جذبے کے ساتھ ترقی و خوشحالی اور عزت و وقار کے راستے پر گامزن ہوکر دنیا کے نقشے پر ایک عظیم ملک کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، جس پر ہر محب وطن فخر کرتا ہے۔ سابق چیف آرگنائزر برطانیہ برائے ویمن غزالہ خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قربانیوں سے تاریخ بھری پڑی ہے۔ 18اکتوبر یوم سانحہ کارساز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پیپلز پارٹی پرسٹن کے سابق صدر میر حیدر تالپور نے کہا کہ سانحہ کارساز کا واقعہ پاکستان میں جمہوریت پسندوں، روشن خیالوں، شدت پسندوں اور مذہبی انتہا پسندی کے درمیان جنگ کی یاد دلاتا ہے۔ فیڈرل کونسل کے ممبر صاحبزادہ اکرام الحق نے کہا کہ حکومت سندھ کے لیے باعث ندامت ہے کہ سانحہ کارساز کے قاتلوں کے خلاف آج تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی اور نہ ہی زخمی ہونے والوں کے لیے مالی معاونت کی گئی۔ سابق جنرل سیکرٹری پریسٹن راجہ خورشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج کی بہترین کارکردگی اور حکمت عملی کے نتیجے میں پاکستان میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ سینئر نائب صدر چوہدری شہباز احمد کھوجہ نے اپنے صدارتی خطاب میں سانحہ کارساز میں بے گناہ شہریوں کی شہازدت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نو سال گزرنے کے باوجود ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ تقریب سے سابق جنرل سیکرٹری ندیم شیخ، بابر خان، سابق نائب صدر چوہدری محمد اسلم اور سابق سرپرست اعلیٰ ناصر محمود شر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں شہدا کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
تازہ ترین