• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمعیت العلماء اسلام آئندہ انتخابات میں حیران کن نتائج دے سکتی ہے

بولٹن(پ ر) جمعیت علمائے برطانیہ کے قائدین نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں جمعیت العلماء اسلام حیران کن نتائج دے سکتی ھے جمعیت العلماء اسلام چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر گلگت و بلتستان میں متبادل بڑی سیاسی طاقت بن کر ابھر چکی ہے۔ کے پی کے وبلوچستان کے بعد پنجاب کے بڑے شہر فیصل آباد میں تاریخ ساز اور فقید المثال ،مفتی محمود کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام کا امڈ آنا اور صوبہ سندھ کے شہر شکارپور میں ضمنی انتخاب میں جمعیت علماء اسلام کے امیدوار مولانا خالد محمود سومرو کا 27400ووٹ کے مارجن سے دوسرے نمبر پر آنا دراصل فتح کی نوید ہے۔ عوام کا یوں ساتھ دینا امید کی بڑی کرن کے ساتھ جمعیت علماء اسلام پر بھرپور اعتماد کا مظہر بھی ہے۔ مولانا مفتی محمود رحمہ اللہ کا طرز سیاست اور انداز خدمت سیاستدانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ پاکستان کی سیاست اور مذہبی و سیاسی تحریکوں کی قیادت کے حوالے سے مفکر اسلام مولانا مفتی محمود رحمہ اللہ تعالی کا نام چودھویں کےچاند کی مانند چمکتا رہے گا ۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے برطانیہ کے قائدین مولانا سید اسد میاں شیرازی، مولانا محمد اکرم، مولانا قاری عبدالرشید، مولانا سید جمال بادشاہ گیلانی، مولانا قاری شاہ حسین، مولانا گل محمد، مولانا عمیر نثار، مولانا احسان الحق میر اور دیگر عہدیداروں واراکین شوری نے ملک کے مختلف ڈویژنل میں ہونے والی مفتی محمود (رحمہ اللہ) کانفرنسوں کی شاندار کامیابی اور شکار پور سندھ کے حالیہ ضمنی الیکشن میں جمعیت علماء اسلام کی کارکردگی پر قیادت کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔رہنمائوں نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی سیاست دراصل مفتی محمود رحمہ اللہ کی طرز سیاست کا تسلسل ہے۔ مفتی محمود رحمہ اللہ کے ہاتھوں ذوالفقار علی بھٹو جیسے مقبول عوامی لیڈر کو الیکشن میں شکست ہونا تو پاکستان کے انتخابات کے معرکوں میں اہم اور تاریخی معرکہ تھا جس کو مولانا مفتی محمود رحمہ اللہ نے سر کیا۔
تازہ ترین