• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابوظہبی ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو فالو آن کاخطرہ، پاکستانی بولرز چھاگئے

ابو ظہبی (جنگ نیوز)پاکستانی بولروں کی شاندار کارکردگی کے باعث ویسٹ انڈین ٹیم دوسر ے ٹیسٹ میں بھی مشکلات سے دو چار ہونے کے بعد فالوآن کے خطرے سے دوچار ہے۔پاکستان کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنا ئے تھے۔مہمان ٹیم کوفالوآن سے بچنے کے لئے مزید146رنز کی ضرورت ہے اور اس کی چھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ہفتے کو شیخ زائد اسٹیڈیم میں دوسرے دن کھیل ختم ہونے پر کریز پر نائٹ واچ مین بشو اور جرمین بلیک وڈ موجود تھے۔ویسٹ انڈیز کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 346 رنز کی ضرورت ہے اور اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے لیون جانسن اور ڈیرن براوو نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 27 رنز بنائے۔ راحت علی نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیون جانسن تھے جو 12 رنز بناکرکر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کے لیے دوسری وکٹ یاسر شاہ نے ان فارم ڈیرن براوو کو آؤٹ کر کے حاصل کی جو سات رنز کی کمی سے نصف سنچری مکمل نہ کر سکے۔پاکستان کو تیسری کامیابی راحت علی نے دلوائی جب انھوں نے مارلن سیموئلز کو 30 رنز پر سمیع اسلم کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ اگلے ہی اوور میں  بریتھ ویٹ 21 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔پاکستان کی جانب سےراحت علی نے31رنز دے کر2 اور یاسر شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے پہلے پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 452 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔فاسٹ لر شینن گیبریل نے پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ وکٹ 96رنز دے کر حاصل کئے۔اس سے قبل اس گراونڈ پر تین پچھلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے پانچ سو کا ہندسہ عبور کیا تھا۔سرفراز احمد اور محمد نواز کے درمیان ساتویں وکٹ پر 70رنز کی شراکت قائم ہوئی۔مصباح الحق نروس نائینٹیز کا شکا ر ہوئے۔اور سنچری مکمل ہ کر سکے۔ابو ظہبی میں  سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے 304 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے پہلی اننگز دوبارہ شروع کی تو مصباح الحق 90 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔ پاکستانی ٹیم کو ابتدا میں ہی دو نقصانات اٹھانے پڑے جب مصباح الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 96 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔مصباح الحق کے بعد یاسر شاہ بھی 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، انہیں جیسن ہولڈر نے آؤٹ کیا۔سرفراز نے روایتی انداز میں برق رفتاری سے بیٹنگ کی اور کھانے کے وقفے تک 45 رنز بنا کر پاکستان کو 400 کے مجموعے تک رسائی دلائی۔کھانے کے وقفے کے بعد سرفراز احمد نے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن 56 کے اسکور پر شینن گیبریئل کی تیز رفتار گیند نے ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔محمد نواز نے 25 رنز بنا کر مزاحمت کی لیکن جیسن ہولڈر نے انہیں آؤٹ کر کے پاکستان کو آٹھواں نقصان پہنچایا۔سہیل خان نے تیزی سے 26 رنز بنائے لیکن ایک غلط گیند کو پل کرنے کی کوشش میں ہولڈر کو وکٹ دے بیٹھے۔گیبریئل نے ذوالفقار بابر کو آؤٹ کر کے 452 رنز پر پاکستان کی بساط لپیٹنے کے ساتھ ساتھ اننگ میں پانچ وکٹیں لینے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔ ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے یونس خان، مصباح الحق اور اسد شفیق کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت چار وکٹ کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔یونس خان نے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے سنچری اسکور کی جبکہ مصباح اور اسد شفیق نے نصف سنچریاں بنائیں۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے گیبرئل نے پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کو اس ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔دبئی میں کھیلے گئے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 56 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ابوظہبی میں پاکستانی ٹیم اب تک ٹیسٹ میچوں میں ناقابل شکست رہی ہے۔ اس نے اس میدان میں آٹھ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے چار جیتے اور چار ڈرا ہوئے ہیں۔پاکستانی ٹیم کا ملک سے باہر یہ 250 واں ٹیسٹ میچ ہے۔ اس نے اب تک کھیلے گئے 249 ٹیسٹ میچوں میں 73 جیتے ہیں 91 میں اسے شکست ہوئی ہے اور85 ڈرا ہوئے ہیں۔  
تازہ ترین