• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کشمیری عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا، سفارتی کردار ادا کرتے رہیں گے، سینیٹر عبدالقیوم

برمنگھم (ابرار مغل) مسئلہ کشمیر کے لیے عالمی لابنگ اور حکومت پاکستان کا موقف اقوام عالم میں متعارف کرانے کے لیے برطانیہ کے دورےپر آئے ہوئےسرکاری وفد کے سربراہ سینیٹر جنرل عبدالقیوم نے کہا ہے کہ ہندوستان کے ظالمانہ قوانین، غربت و افلاس اور مختلف قومی تحریکوں کے ہوتے ہوئے ہندوستان پاکستان سے جنگ نہیں لڑ سکتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل سے دفاعی مد میں خرچ ہونے والی بھاری رقم سے دونوں ممالک غربت و افلاس کا خاتمہ کرکے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوسکتے ہیں۔ دونوں ممالک ایک ہی طرح کے مسائل اور مشکلات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑے گا اور کشمیری عوام کو ہر حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا سفارتی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم میں پاکستان قونصلیٹ برمنگھم میں مختلف اہم شخصیات، پروفیشنلز اور کشمیری رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے قونصلر جنرل آف پاکستان سید احمد معروف، وائس قونصلر جنرل میاں عظمت اور ممبر قومی اسمبلی شیخ قیصر احمد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سرکاری سطح پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پیش رفت، سفارتی سطح پر اقدامات اور دیگر تفصیلات سے شرکا کو آگاہ کیا۔ ممبر قومی اسمبلی شیخ قیصر احمد نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزیراعظم نواز شریف اپنی پوری توجہ سے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کرنے اور حالیہ تشدد کی لہر کے بعد پیدا صورتحال سے اقوام عالم کو آگاہ کرنے کے لیےمرکوز کررکھی ہے۔ حکومت مکمل طور پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور دنیا بھر میں ہندوستان کے مظالم اور تشدد بے نقاب کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے۔ سینیٹر عبدالقیوم نے مزید کہا کہ ہندوستان کے ساتھ ہمارا تنازع صرف کشمیر ہی ہے اور کشمیر میں جاری تحریک دہشت گردی نہیں ہے بلکہ حق خودارادیت اور پیدائشی حق کی ہے جو خود بھارت نے اقوام متحدہ میں تسلیم کر رکھا ہے۔ اس موقع پر قونصلر جنرل آف پاکستان سید احمد معروف نے وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر سفارتی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر لابنگ اور سفارتی دبائو سے ہی اب کشمیر کا حل ممکن ہے۔ آخر میں شرکا نے مختلف سوالات بھی کئے۔ اس تقریب میں ممبر آف برٹش پارلیمنٹ خالد محمود نے خصوصی شرکت کی۔
تازہ ترین