• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز پاکستانیوں کے ریلیف کیلئے موثر اقدامات نہیں ہوئے، عظیم مشتاق

ابرمنگھم (ابرار مغل) آزاد کشمیر چیمبر آف کامرس کے سابق صدر چوہدری عظیم مشتاق اور بلدیہ ڈڈیال کے سابق چیئرمین چوہدری شوکت علی گجر نے کہا ہے کہ برطانیہ کے اوورسیز کشمیری خطہ آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام کے ضامن ہیں۔ پاکستان و کشمیر سے باہر برطانیہ میں مقیم کمیونٹی سب سے زیادہ زرمبادلہ اور ریونیو دے رہے ہیں، ان کے کردار اور شراکت سے خطہ کشمیر بالخصوص ضلع میرپور میں چمک دمک اور روشنیاں ہیں۔ زندگی کے ہر میدان میں ان اوورسیز نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، لیکن سرکاری سطح پر اوورسیز کو ریلیف اور فوری انصاف کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم میں نوجوان سیاسی رہنما چوہدری جبار احمد، چوہدری توصیف اور چوہدری جاوید اقبال کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب سے مسلم لیگ (ن) مڈ لینڈ کے سابق چیئرمین و کوآرڈینیٹر، کونسلر عنصر علی خان، چوہدری واجد علی، کونسلر بشارت داد، کونسلر محمد ادریس، چوہدری مصدق حسین، مشتاق مغل، چوہدری نور حسین، سلیم بٹ، چوہدری خالد عزیز اور حلقہ ڈڈیال سے تعلق رکھنے والی مختلف اہم شخصیات نے بھی خطاب کیا۔ چوہدری عظیم مشتاق نے کہا کہ خطہ کشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال اور ٹوزرم کے وسیع مواقع سے بھرپور ہونے کے باوجود بھی سرکاری سطح پر ان وسائل اور موقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش نہیں کی جارہی ہے بلکہ کرپشن، لاقانونیت اور لوٹ مار سے خطہ کشمیر کو پسماندہ رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میرپور آزاد کشمیر کا سب سے بڑا صنعتی اور جدید شہر ہونے کی وجہ سے آزاد کشمیر کو سب سے زیادہ ریونیو دے رہا ہے لیکن میرپور کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ کوآرڈینیٹر ایم ایل اے چوہدری محمد شکیل نے کہا کہ حلقہ ڈڈیال کے ایم ایل اے مسعود خالد پوری ذمہ داری اور توجہ کے ساتھ اوورسیز کمیونٹی کو درپیش مختلف مسائل سے نمٹنے اور حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ دھانگلی روڈ پر کام شروع ہوچکا ہے۔ چوہدری شوکت گجر نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی کی وجہ سے آج برطانیہ میں مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ چوہدری ظہور سرور نے کہا کہ ماضی میں آزاد کشمیر کو بزنس کیمپ میں تبدیل کرکے بدترین لوٹ مار کی گئی ہے۔ میزبان تقریب چوہدری جبار احمد، چوہدری توصیف، چوہدری جاوید نے شرکا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی اوورسیز کمیونٹی نے ہمیشہ کشمیر سے آنے والوں کو عزت سے نوازا ہے۔
تازہ ترین