• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامشورو ، موٹر وے پولیس اور ٹول پلازہ کے عملے کیخلاف احتجاج

 جامشورو (نامہ نگار)  جامشورو حیدرآباد ٹول کے نزدیک تعمیراتی سامان ریتی بجری پتھر اور دیگر سامان لیکر جانیوالے سیکڑوں ٹرانسپورٹروں اور ہزاروں مزدوروں نے موٹر وے پولیس اور مختلف شہروں ٹنڈو جام، پٹارو، نیو سعیدآباد کے علاوہ دیگر شہروں کے ٹول پلازہ عملے کی زیادتیوں اور ناانصافیوں کے خلاف اکبر خا ن پٹھان ، محمد جمن راجڑ، محراب کھوسو، یارمحمد بروہی اور دیگر کی قیادت میں سپر ہائی وے پر ٹرک اور ڈمپر کھڑے کرکے احتجاجی مظاہر ہ کیا اور دھرنا دیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پی موٹر وے راشدصدیقی نے مذاکرات کرکے روڈ کھلوانے کی کوشش کی لیکن مذاکرات ناکام ہونے پر موٹر وے پولیس آفیسر دہمکیاں دیتا ہوا چلا گیا ۔ اس دوران احتجاجی مظاہرین کے رہنماؤں نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹنڈو جام ٹول پلازہ 500 کی بجائے زبردستی 2500روپے وصول کئے جارہے ہیں اور فی گاڑی 220روپے علاوہ جبکہ رائلٹی کی مُد میں 150روپے کی بجائے 380روپے وصول کررہے ہیں اور نہ دینے پر ٹول پلازہ کا عملہ اورپولیس سخت تشدد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ80ٹن والے ٹرالر سے 150روپے اور 35ٹن والے ٹرالر سے 380روپے زبردستی لئے جاتے ہیں جوکہ ظلم اور زیادتی ہے۔انہوں نے کہا اس سلسلہ میں ہم گذشتہ کئی سالوں سے احتجاج کرتے رہے ہیں لیکن کوئی سُننے والا نہیں ہے جس کی بناء پر مجبوراً ہم سپر ہائی وے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ جبکہ اسی دوران دھرنے میں شامل ملتان کا رہائشی ڈرائیور آفاق ملتانی دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا ۔جس سے حالات مزید کشیدہ ہوگئے اس موقع پر مظاہرین کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ مطالبات کی منظوری تک سپر ہائی وے کو بند کرکے احتجاجی دھرنا جاری رکھا جائے گا ۔
تازہ ترین