• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول، شاہ جی اور شیری (ڈمی) کی آج ڈھول کی تھاپ پر ”خبرناک“ آمد ہوگی

کراچی (جنگ نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سندھ کے سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان (ڈمی) ڈھول کی تھاپ پر اتوار کو ”خبرناک“ میں تشریف لائیں گے۔ شو کے دوران بلاول (ڈمی) نے اعلان کیا کہ میں عوام کے سامنے ایک کھلی کتاب ہوں لہٰذا جس نے جو پڑھنا ہے پڑھ لے۔ اُنہوں نے یہ یقین بھی دلایا کہ 2018میں آج کے دن ”وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری “ آپ سے خطاب کر رہے ہوں گے۔ دوسری جانب قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے حصے کا رقص کر چکا ہوں اب صرف ڈھول کا بھرم رکھنے کیلئے ناچتا ہوں۔سندھ کی دوسری مراد بھی پوری ہوگئی ایک وحید مراد اور دوسرا مراد علی شاہ۔ اُنہوں نے کہا کہ شیر امپائرکے اشارے سے نہیں گرتا جب بھی گرے گا ہماری پچ پر ہی گرے گا۔ اس موقع پر پروگرام کی میزبان عائشہ جہانزیب نے سوال پوچھا کہ بلاول (ڈمی) آپ نے عمران خان کو چاچا کیوں کہا حالانکہ وہ تو سابق صدر زرداری سے بڑے ہیں؟۔ جواب میں بلاول کا کہنا تھا کہ میرے بابا سب سے بڑے ہیں اسی لئے تو کہتے ہیں ایک زرداری سب پہ بھاری۔ اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف میرے انکل ہیں اور وہ مجھے کچھ نہیں کہتے۔ ہندسوں کے پنڈٹ بھی نعیم سیالکوٹی کے سامنے بے بس نظر آئیں گے۔ دلفریب نغمہ ”ٹھہرا ہے سماں ، ہم تم ہیں جہاں“خوبصورت آوازوں میں پیش کیا جائے گا۔ ساجد بھائی کا چیلنج اور حالات حاضرہ پر بھی گفتگو ہوگی۔ طنز و مزاح سے بھر پور شو ناظرین رات 11 بجکر5منٹ پر دیکھ سکیں گے۔
تازہ ترین