• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”خدا اور محبت“ سینئر اور نوجوان فنکاروں کے امتزاج کا شاہکار

کراچی (محمد ناصر) ”جیو ٹی وی“ پر عشق اور محبت کی لازوال داستان، ہاشم ندیم کے عالمی شہرت یافتہ ناول ”خدا اور محبت“ پر مبنی ڈرامہ سیریل میں خوبصورت فنکار عمران عباس مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ اِن کے مقابلے میں سعدیہ خان بھی ہیں جو اداکاری اور ماڈلنگ کے میدان میں اپنا لوہا منواچکی ہیں۔ کبریٰ خان بھی لیڈ کاسٹ میں شامل ہیں۔ یہ تینوں خوبصورت نوجوان فنکار اپنی اپنی فیلڈ میں کامیابی کی منازل طے کررہے ہیں۔ ”جیو ٹی وی“ کی ڈرامہ سیریل ”خدا اور محبت“2011میں آن ایئرکی گئی تھی جس کی کہانی اور کردارآج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔ سپر ہٹ سیریل کے ”سیزن ٹو “ میں مولوی صاحب کا کردار اس بار بہت منجھے ہوئے سینئر فنکار فردوس جمال ادا کررہے ہیں۔ ڈرامہ سیریل میں عمران عباس کے والد کا کردار بھی بہت سینئر فنکار عثمان پیرزادہ نے ادا کیا ہے۔ جبکہ فلم اور ٹی وی کے مشہور فنکار جان ریمبو (افضل خان) بھی سیریل میں چار چاند لگا رہے ہیں۔ یوں یہ ڈرامہ سیریل خوبصورت ، نوجوان فنکاروں اور منجھے ہوئے سینئر اداکاروں پر مشتمل ہے۔ 2011ءمیں جب یہ ڈرامہ ”جیو ٹی وی“ پر نشر کیا گیا تو اُس وقت بھی یہ ریٹنگ چارٹ میں سب سے اوپر تھا تاہم اُس وقت ڈرامے کے مناظر میں صرف پاکستان کا حصہ دکھایا گیا تھا۔ سپر ہٹ سیریل ”خدا اور محبت“ کے تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈرامے کے سیزن ٹو کی عکس بندی اس مرتبہ پاکستان کے ساتھ امریکا کے خوبصورت علاقوں میں بھی کی گئی ہے جو دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ ڈرامے کے پروڈیوسر بابرجاوید ہیں جبکہ ڈائریکٹر سید علی رضا (اُسامہ) ہیں جو بشر مومن، مریم، دِل عشق ، کاش میں تیری بیٹی نہ ہوتی جیسے شہرہ¿ آفاق ڈراموں کی ڈائریکشن بھی دے چکے ہیں۔ ڈرامے کے دیگر کرداروں میںحفظہ راشد، ہمایوں اشرف، ایم عبدالقیوم، سما شاہ، سادون ، ہمایوں افضل اور منازہ عارف شامل ہیں۔ محبت، معاشرتی مسائل ، سنجیدگی ، سسپنس اور حقیقت کے رنگ سے سجی ”خدا اور محبت“ کے سیزن ٹو کی دلچسپ کہانی اب نئے انداز میں دھوم مچانے کو تیار ہے جسے ناظرین 29اکتوبر سے ہر ہفتے کی رات8 بجے ملاحظہ کرسکیں گے۔
تازہ ترین