• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میہڑ: چانڈیہ برادری کے دو گروپوں میں جھگڑا،3؍افراد قتل،2 زخمی

میہڑ(نامہ نگار ) معمولی تلخ کلامی  پر چانڈیہ برادری کے دو گروپوں میں جھگڑے کے دوران  فا ئرنگ سے 3 افراد قتل اور 2 زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز میہڑ کے قریب تھرڑی محبت  تھانہ کی حدود کے گاؤں پنہوں خان چانڈیو میں معمولی بات پرچانڈیہ برادری کے دو گروپوں میں جھگڑا ہو گیا۔ فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی  جس کے نتیجے میں 3 افراد 35 سالہ راشد چانڈیو ،33 سالہ عنایت چانڈیو  اور 38 سالہ علی  حیدر عرف ڈاڈو چانڈیو ہلاک ہو گئے  جبکہ 2 افراد مبین اور فدا چانڈیو شدید زخمی ہو گئے  جبکہ واقعے کے بعد فریقین مورچہ بند ہو گئے  اور ایک دوسرے پر کئی گھنٹے تک  فائرنگ کرتے رہے۔ واقعے کی اطلاع کے باوجود تھر ڑی محبت تھانہ کی  علاقہ پولیس نہیں پہنچی جس کے باعث  کئی گھنٹے تک لاشیں اور زخمی جائے پر پڑے رہے  بعد ازاں مقتولین کی لاشیں میہڑ اسپتال لائی گئیں اور  زخمیوں کو میہڑ  اسپتال کے بعدتشویشناک حالت میں لاڑکانہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مقتول راشد چانڈیو  بدنام ڈاکو طارق چانڈیو کا بھائی  اور مقتول عنایت چانڈیو اس کا بھانجاہے۔ فریقین میں اس وقت تنازع شروع ہوا جب  صبح کے وقت گاؤں میں تاش کھیل رہے تھے کہ  معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی۔ واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا جبکہ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد ورثاء کے حوالے کی گئیں۔ لاشیں گھروں میں پہنچنے پر کہرام مچ گیا ہے جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے۔ دوسری طرف فریقین میں مزید جھگڑے کو روکنے کیلئے گاؤں میں پولیس پکٹ قائم کر دی گئی ہیں۔
تازہ ترین