• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابوظہبی، پاکستان کا ہر وار کارگر، ویسٹ انڈیز کو بے بس کردیا، فتح کی شاہراہ پر سفر جاری

ابوظہبی (جنگ نیوز) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں گرفت مضبوط کرلی۔ یاسر شاہ کی چار وکٹوں کے باعث پاکستان نے بھاری برتری حاصل کرکے دوسری اننگز میں اپنے بولروں کے لئے پلیٹ فارم سیٹ کر لیا ہے۔ گرین کیپس کا میچ میں اب تک ہر وار کارگر ثابت ہوا ہے،مسلسل حملوں سے کیریبین ٹیم بے بس ہوچکی ہے۔یاسر شاہ کا جادو چلتا رہا۔اتوار کو میچ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 114 رنز بنا کر مجموعی برتری 342 رنز تک پہنچا دی ہے ۔ اتوار کو شیخ زائد اسٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن جب کھیل کا اختتام ہوا تو اظہرعلی 52اور اسد شفیق پانچ رنز پر کھیل رہے تھے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 224رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ 228رنز کی سبقت حاصل ہونے کے باوجود کپتان مصباح الحق نے فالو آن کے بجائے دوبارہ بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی اننگز 106 رنز 4کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو پاکستان کو پہلی کامیابی کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا۔ ساتویں اوور میں راحت علی نے وکٹ کیپر سرفراز احمد کی مدد سے آٹھ رنز بنانے والے بلیک ووڈ کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بشو جنھوں نے 20گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد پہلا رن بنایا آسانی سے پاکستانی بولرز کے قابو میں آنے کے لیے تیار نہ تھے۔ ان کی 66 گیندوں پر 20 رنز کی اننگز کا خاتمہ سہیل خان نے انھیں بولڈ کر کے کیا۔ یاسر شاہ نے نئی گیند کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے روسٹن چیس کو22 رنز پر سلپ میں اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ صرف نو رنز کے اضافے پر یاسر شاہ نے 11 رنز بنانے والے شائے ہوپ کو بھی پویلین لوٹادیا ۔ کپتان جیسن ہولڈر ایک طرف سے مزاحمت کررہے تھے انھوں نے اپنے سامنے میگوئل کمنز تین اور شینن گیبریئل 13 کی وکٹیں گرتے دیکھیں۔ جیسن ہولڈر چار چوکوں کی مدد سے 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ نے 86 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ راحت علی ایک بار پھر اپنے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے تین اہم وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ سہیل خان نے دو بیٹسمینوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ پہلی اننگز کی 228 رنز کی برتری کے ساتھ گرین کیپس نے سمیع اسلم اور اظہرعلی کے ذریعے دوسری اننگز شروع کی ۔ دونوں اسکور کو 93 تک لے گئے۔ اس دوران امپائر مائیکل گف کے لیے صورتحال خاصی مشکل رہی، جن کے دو فیصلے ریویو لیے جانے کے نتیجے میں غلط ثابت ہوئے۔ مائیکل گف نے اظہر علی کو دس کے انفرادی اسکور پر کریگ بریتھ ویٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو دے دیا لیکن ریویو سے پتہ چلا کہ گیند اظہرعلی کے گلوو پر لگی تھی۔ مائیکل گف نے سمیع اسلم کو بھی 12 کے انفرادی اسکور پر کریگ بریتھ ویٹ ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ دے دیا لیکن ڈی آر ایس کا فائدہ ایک بار پھر پاکستان کو ملا۔ سمیع اسلم کی اننگز بھی ریویو کے ذریعے ختم ہوئی جب رچرڈ النگورتھ نے انھیں 50 کے انفرادی اسکور پر وکٹ کیپر ہوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ نہیں دیا لیکن ریویو لیے جانے پر تھرڈ امپائر کا فیصلہ النگورتھ کے خلاف رہا۔ اس ٹیسٹ میں اب تک مائیکل گف کے چار اور رچرڈ النگورتھ کے تین فیصلے غلط ثابت ہوچکے ہیں۔
تازہ ترین