• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئوٹ آف فارم محمد حفیظ نیوزی لینڈ کی فلائٹ مس کرجائینگے

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) ایسا لگ رہا ہے کہ محمد حفیظ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں غیر مستقل مزاج فارم کی وجہ سے وہ نیوزی لینڈ کی فلائٹ بھی مس کر جائیں گے۔ حیران کن طور پر سلیکٹرز اظہر علی اورسمیع اسلم کی موجودگی میں بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے جارحانہ مزاج شرجیل خان کوتیسرے اوپنر کی حیثیت سےموقع دینے غور کررہے ہیں۔ شرجیل خان نے پاکستان کی جانب سے20 ون ڈےاور 15ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں۔ انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف ایک ون ڈے میچ میں152 رنز بنائے تھے۔ شرجیل خان 75 فرسٹ کلاس میچوں میں گیارہ سنچریاں بنا چکے ہیں ان کا فرسٹ کلاس میں سب سے زیادہ اسکور279 ہے۔ انضمام الحق کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان ابوظہبی ٹیسٹ کے بعد کرے گی۔ پانچ نومبر کوپاکستانی ٹیم دبئی سے کرائسٹ چرچ کے لئے روانہ ہوگی۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے سربراہ نے دبئی سے لاہور پہنچ کر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں سینٹرل کنٹریکٹ کے علاوہ کھلاڑیوں کی سلیکشن کے معاملات ڈسکس ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے محمد حفیظ تجربہ کار ہونے کی وجہ سے سلیکٹرز کی نظر میں تھےلیکن قائد اعظم ٹرافی میں ان کی حالیہ فارم تسلی بخش نہیں ہے۔ شارجہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سائیڈ میچ میں صفر اور 9 رنز بنانے کے بعد قائد اعظم ٹرافی میں حفیظ نے لاہور وائٹس کے خلاف 62 اور9 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ شان مسعود بھی کوئی بڑی اننگز نہیں کھیل سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں شرجیل خان کی شمولیت کے امکانات روشن ہیں۔ جبکہ رضوان وکٹ کیپر بیٹسمین ہوں گے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے پاکستان کی جو ٹیم کھیل رہی ہے اس میں سے لیفٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر کو بھی جگہ برقرار رکھنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ یاسر شاہ کے ساتھ ٹیسٹ سیریز میں دوسرے اسپنر محمد نواز ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کی سیریز کے لئے پاکستان کی ممکنہ ٹیسٹ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ مصباح الحق (کپتان)، یونس خان، سرفراز احمد، اسد شفیق، اظہر علی، بابر اعظم، عمران خان، راحت علی، محمد عامر، سمیع اسلم ، شرجیل خان، محمد نواز، سہیل خان، وہاب ریاض، محمد رضوان اوریاسر شاہ۔
تازہ ترین