• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وسیم باری دورئہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں منیجر برقرار رہینگے

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار خان دو ماہ بعد پیر سے پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں اپنی ذمے داریاں دوبارہ شروع کررہے ہیں۔ شہریار خان نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دورے کے لئے سابق کپتان وسیم باری کو منیجر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں وسیم باری کا تقرر ویسٹ انڈیز کے خلاف امارات میں ہونے والی ہوم سیریز کے لئے کیا گیا تھا۔ اظہر محمود یکم نومبر کو قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ کا عہدہ سنبھال لیں گے، بورڈ سے ان کے تقریباً تمام معاملات طے ہوگئے، ایک سالہ معاہدے پر جلد دستخط ہو جائیں گے، معاوضے کی رقم 10 ہزار ڈالر ماہانہ ہونے کا امکان ہے۔ تاہم شہریار خان کہتے ہیں کہ اظہر محمود بہت زیادہ معاوضہ طلب کررہے ہیں۔ اس لئے ان سے معاوضے پر نظر ثانی کے لئے کہا گیا ہے۔ اتوار کو جنگ سےبات چیت کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ میں مکمل صحت یاب ہونے کے بعد اور ڈاکٹروں کی ہدایت پر آفس جوائن کررہا ہوں۔ مکمل توانائی کے ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات سنبھالنا چاہتا ہوں۔ چوں کہ دو ماہ سے ملک سے باہر تھا۔ اس لئے آئی سی سی اور اے سی سی میٹنگز کے بہت سارے معاملات زیر التوا ہیں۔ سینٹرل کنٹریکٹ پر انضمام الحق سے بات ہوگئی ہے۔ اعلاندوسرے ٹیسٹ کے بعد ہوگا۔ مستقل مزاجی پر یقین رکھتا ہوں اس لئے وسیم باری کو منیجر کی حیثیت سے برقرار رکھا جائے گا۔ دو ماہ قبل سابق کپتان وسیم باری کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا نیا منیجر مقرر کیا گیا تھا۔ 68 سالہ وسیم باری اس سے قبل بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپنی طویل وابستگی کے دوران مختلف عہدوں پر کام کرچکے ہیں۔وہ 81 ٹیسٹ اور 51 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم باری اس کام کے لئے عمر رسیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر محمود دبئی میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔ جبکہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ وہی ہوگی جو اس وقت ابوظہبی میں ہے۔
تازہ ترین