• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کشمیریوں پر مظالم چھپانے میں کامیاب نہیں ہوگا، سردار مسعودخان

مانچسٹر، نیلسن (عبداللہ زید / جنگ نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں پر مظالم چھپانے میں کامیاب نہیں ہوگا، اوورسیز پاکستانی مسئلے کے حل کے لئے کردار ادا کریں،100سے زائد کشمیریوں کی شہادت اور سیکٹروں کی بینائی سے محرومی کا سلامتی کونسل نے نوٹس نہیں لیا، بھارتی مظالم رکوانے کے لئے برطانیہ آیا ہوں۔ گزشتہ روز آزاد جموں و کشمیر کے صدر محمد مسعود خان نے چیئرمین یورپی پارلیمنٹ سٹینڈرڈز اینڈ ایتھکس کمیٹی، چیئرمین یورپی پارلیمنٹ فرینڈز آف پاکستان گروپ اور نارتھ ویسٹ انگلینڈ سے کنزرویٹو پارٹی کے یورپی پارلیمنٹ کے رکن ڈاکٹر سجاد حیدر کریم (ستارہ قائد اعظم) کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ بند کمرے میں ہونے والی اس ملاقات کی تفصیل اگرچہ سامنے نہیں آئی مگر ملاقات کے بعد ایشائی میڈیا سے دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے چند سوالات کے جواب میں کشمیر کے حوالے سے کی گئی بات چیت اور مستقبل میں اختیار کیا جانے والا لائحہ عمل بھی مختصراً پیش کیا صدر ریاست مسعود خان نے ڈاکٹر سجاد کریم کی پاکستان اور کشمیر کے حوالے سے کاوشوں کو سراہا جبکہ ڈاکٹر سجاد کریم نے صدر محمد مسعود خان کی اپنی رہائش گاہ پر آمد کو اپنے لئے اعزاز قرار دیتے ہوئے ان کی اقوام متحدہ میں پاکستان کے لئے کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ علیحدگی میں ہونے والی اس ملاقات میں مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے لانے کی حکمت عملی پر غور کرنا، حالیہ ریاستی دہشت گردی اور کشمیری عوام پر وحشیانہ تشدد کے حوالے سے بین الاقوامی پلیٹ فارم بالخصوص یورپی پارلیمنٹ کی وساطت سے یورپی یونین کے ممبران ممالک تک بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی کو اجاگر کرنا اور جموں و کشمیر کے عوام کے لئے اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ بنیادی حق حق خود ارادیت کا حصول یقینی بنانا شامل تھا۔ دونوں رہنماؤں نے کم و بیش ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات پر تبادلہ خیالات کیا۔ اس موقع پر قونصلر جنرل آف پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد اور رضوان ملک بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں صدر آزاد جموں کشمیر سردار مسعود خان نے یورپی ممبر پارلیمنٹ اور یورپی یونین میں مسلمانوں کے امور کے نمائندے افضل خان ایم ای پی اور حکومتی کنزرویٹو پارٹی کے یورپی ممبر پارلیمنٹ امجد بشیر کے ساتھ ملاقات کی اور یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوری روکنے کے سلسلے میں کوششوں سے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر جموں کشمیر تحریک خود ارادیت کے وفد اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کےوفد نے بھی صدر آزاد کشمیر سے ملاقات کی۔ کشمیری رہنما اور میزبان استقبالیہ امجد حسین مغل نے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان، قونصل جنرل، ممبران پارلیمنٹ سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اپنے دس روزہ دورے میں بریڈ فورڈ، مانچسٹر اور برمنگھم میں جلسوں سے خطاب، ہائوس آف کامنز میں ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں اور 27اکتوبر کو بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے احتجاج میں شرکت کریں گے۔ دریں اثنا آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ8جولائی کو برہانی وانی کی شہادت کے بعد بھارتی مظالم اور پیلٹ گنز سے سو سے زائد افراد شہید اور سیکڑوں بینائی سے محروم ہوچکے ہیں، سلامتی کونسل کو بھارتی مظالم کانوٹس لینا چاہئے تھا لیکن بدقسمتی سے عالمی برادری سے اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا تاہم اب مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ابھر کر آگیا ہے اور مغربی میڈیا میں بھی آواز اٹھ رہی ہے تاہم حوالے سے مزید لابنگ اور کوشش کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اب مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ستم چھپانا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی آمد کا مقصد بھی یہی ہے کہ برطانیہ میں آباد پاکستانیوں اور کشمیریوں کو مزید متحرک کیا جائے اور یہاں کے ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقاتیں کرکے مسئلہ کشمیر پر حمایت حاصل کرکے بھارتی ظلم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوایا جاسکے۔
تازہ ترین