• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمیونٹی 27 اکتوبر کے دونوں مظاہروں میں بھرپور شرکت کرے، چوہدری یٰسین ،عبدالرشید ترابی

سٹوک آن ٹرنٹ(شفقت نذیر) کل جماعتی کشمیررابطہ کمیٹی آزاد کشمیر کے کنوینر و امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی اور قانون ساز اسمبلی آزاد جموں کشمیر میں قائد حزب اختلاف و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چوہدری یٰسین نے مشترکہ طور پر برطانیہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ 27اکتوبر کو ہندوستانی افواج کے مقبوضہ کشمیر پر جبری قبضہ کیخلاف یوم سیاہ کے موقع پر بھارتی ہائی کمیشن اور 10 ڈاؤننگ سٹریٹ میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور طریقے سے شرکت کریں۔گزشتہ روز چوہدری یٰسین کی رہائشگاہ پر ہونے والی ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ دونوں مظاہروں کو کامیاب بنانے کیلئے دونوں رہنما مختلف شہروں کا دورہ کریں گے جبکہ عبدالرشید ترابی اور چوہدری یٰسین دونوں مظاہروں سے خطاب کریں گے۔دونوں رہنماؤں نے دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کررہا ہے جبکہ کشمیری عوام انتہائی ثابت قدمی سے بھارتی افواج کے ظلم سہ رہی ہے اقوام عالم کو اس ظلم اور زیادتی کا فوری نوٹس لینا چاہئے۔برطانیہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے مظلوم بھائیوں کی آواز کو بین الاقوامی برادری تک پہنچانے کے لیے ان دونوں مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کی آنکھوں میں مزید دھول نہیں جھونک سکتا۔کشمیر کے نوجوان ، بوڑھے ،بچے اور خواتین اپنا آزادی کا حق لینے کے لئے ایک بار پھر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ۔اب ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ ہم ان کا ساتھ دیں اور اقوام عالم کو بھارت پر دباؤ ڈالنے پر مجبور کریں اور وہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم سب متحد ہوں اسی لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ان دونوں مظاہروں کو کامیاب کرنے کیلئے ایک مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے۔
تازہ ترین