• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کیڈٹ کالج بٹراسی اور انٹرنیشنل سکول برمنگھم کے درمیان پارٹنر شپ قائم

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں، اب دو سکولوں کے درمیان پارٹنر شپ قائم ہونے سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ برٹش کونسل کے زیراہتمام پاکستان کیڈٹ کالج بٹراسی اور انٹر نیشنل سکول برمنگھم کے درمیان لانگ ٹرم پارٹنر شپ کے تحت پاکستان کیڈٹ کالج کے پرنسپل کی قیادت میں چھ رکنی وفد کا دورہ انٹر نیشنل سکول برمنگھم ہوا۔ انٹر نیشنل سکول کے ہیڈ ٹیچر مسٹر ہیتھرج نے دورہ پر آئے ہوئے اراکین کو خوش آمدید کہا۔ پرنسپل کیڈٹ کالج بٹراسی ریٹائرڈ بریگیڈیئر حفیظ نے اس موقع پر کہا کہ ان کے دورے کا مقصد بچوں کے اندر یہ احساس بیدار کرنا ہے کہ وہ صرف پاکستانی نہیں بلکہ وہ انٹر نیشنل کمیونٹی کا حصہ ہیں انہیں عالمی سطح پر بھی ایک کردار ادا کرنا ہے۔ کلاس ٹو کلاس کنکشن اور ایک دوسرے کے ساتھ ورکنگ ریلیشن قائم کرنا ہے تاکہ مختلف کمیونٹیز کے درمیان میل جول، رہن سہن، نظم و ضبط کے حوالے آگہی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ قدرتی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ اس طرح کے مطالعاتی دوروں سے بچوں کی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آتی ہیں بالخصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بعد طلبہ کے دوسرے ممالک کے دورہ سے ذہن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انٹر نیشنل سکول کے ہیڈ ٹیچر نے کہا کہ یہ برمنگھم کا واحد سکول ہے جس میں متعدد ممالک، مثلاً پاکستان، چین، سائوتھ افریقہ، بھارت، بنگلہ دیش سمیت مڈل ایسٹ کے طلبہ بھی تعلیم حاصل کرتے ہیں جو حقیقی معنوں میں ایک ملٹی کلچر معاشرے کی عکاس ہے۔ اس طرح کے وفود سے طالب علموں کو مزید سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ سٹاف وسیم عارف کا کہنا تھا کہ اس طرح کے وفود کا تبادلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے۔
تازہ ترین