• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وطن کی حفاظت کیلئے افواج پاکستان کی قربانیوں پر قوم کو فخر ہے

مانچسٹر (پ ر) پاکستان دنیا کے نقشے پر قائم رہنے کے لئے وجود میں آیا، افواج پاکستان وطن عزیز کی سالمیت و حفاظت کے لئے جو قربانیاں دے رہی ہیں پاکستان کے عوام ان کو قدر کی نگاہ سے نہ صرف دیکھتے ہیں بلکہ بچہ بچہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہے۔ پاکستانی قوم دنیا کے جس خطے میں بھی آباد ہو ان کے دل وطن عزیز کی ترقی و سالمیت کے لئے ہر وقت فکرمند رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء برطانیہ کے مرکزی رہنما اور ممتاز عالم دین مولانا قاری عبدالرشید نے قونصل جنرل ظہور احمد کی خصوصی دعوت پر پاکستانی کمیونٹی سینٹر مانچسٹر میں پاکستانی قونصلیٹ آف مانچسٹر کے زیر اہتمام منعقدہ ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا سید اسد میاں بھی موجود تھے۔ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو بیان کرنے اور برطانیہ کے لوگوں کو ان سے آگاہ کرنے کے لئے یہ اپنی نوعیت کا منفرد جلسہ تھا جس میں بریڈ فورڈ قونصلیٹ اور لندن پاکستانی ہائی کمیشن کے ذمے داروں کے علاوہ میڈیا کی بڑی تعداد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی خواتین و حضرات اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قونصل جنرل ظہور احمد نے اپنے خطاب کے بعد مولانا قاری عبدالرشدی کو دعوت خطاب و دعا دی تو انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں تحریک قیام پاکستان سے لے کر آپریشن ضرب عزب میں جانوں کی قربانی پیش دینے والے سول و فوجی تمام افراد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جتنی قربانی پاکستان نے دی ہے اتنی کسی بھی دوسرے ملک نے نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والا پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے اپنی خصوصی دعا میں زخمیوں اور شہداء کے لئے کہا کہ یہ لوگ ہمارے محسن ہیں، اللہ زخمیوں کو شفا، شہداء کی مغفرت اور پاکستان کی حفاظت فرمائے۔
تازہ ترین