• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامع مسجد ابراہیم یوکے اسلامک مشن میں درس قرآن پاک کے اختتام پر محفل

برنلے (پ ر) برنلے لنکا شائر یوکے اسلامک مشن کی جامع مسجد ابراہیم ایلم سٹریٹ میں ہفتہ وار درس قرآن کی تلاوت مکمل ہونے پر ایک پُروقار روح پرور محفل منعقد ہوئی جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ درس قرآن اپریل2004ء کو مولانا قاری محمد اقبال نے سورۃ الفاتحہ سے شروع کیا تھا۔ ہر ہفتہ ایک رکوع کی تلاوت، ترجمہ تشریح و تفسیر بیان کی جاتی تھی، درس قرآن بدھ19اکتوبر2016ء کو خدا کے فضل سے مکمل ہوا، ان13سال میں صرف قرآن و حدیث، سیرت انبیاء علیہ السلام اور سیرت صحابہؓ پر بحث ہوئی قرآن و حدیث کے دائرے میں وہ سب کچھ سامعین کو بتایا اور سمجھایا گیا جس کی سامعین کو ضرورت اور طلب ہوتی ہے۔ قاری محمد اقبال نے کہا کہ کافروں، یہود و ہنود کو اسلام فوبیا ہے، کفار مکہ کو بھی اسلام فوبیا تھا، مسلمانوں پر طرح طرح کے ظلم ڈھائے جاتے تھے، حضرت محمدﷺ پریشان اور غمگین رہنے لگے تو اللہ تعالیٰ نے آخری دو سورتیں نازل فرما کر فرمایا ان کی تلاوت کیا کرو، ان سورتوں کے نازل ہونے کے بعد نبی علیہ السلام کو جیسے ڈھال مل گئی، قرآن کریم کی آخری دو سورتوں کی تلاوت شروع کی تو آپ کی پریشانی اور بوجھ دور ہوگیا، تسلی و تسکین ہوگئی۔ مولانا اقبال نے کہا کہ اللہ نے حکم دیا ہے کہ تمام دکھ درد اور پریشانیوں کا حل قرآن میں ہے، قرآن کو پڑھنے سمجھنے اور عمل کرنے میں ہی نجات ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کی عادت مبارک تھی کہ آپﷺ آخری دو سورتوں کو سونے سے پہلے پڑھ کر ہاتھوں پر دم کرتے اور پھر جسم کے ہر حصے پر ہاتھ پھیرتے، آخری دم تک یہ معمول رہا، مدینہ طیبہ میں جبرئیلؑ خصوصی طور پر آئے اور آپﷺ کو فرمایا کہ آپﷺ ان دو سورتوں کی تلاوت کریں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر مسلمان کو ان دو سورتوں کی تلاوت کثرت سے کرنی چاہئے۔ درس کے اختتام پر پاکستان، افغانستان، شام، فلسطین اور خصوصاً مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لئے دعا مانگی گئی۔
تازہ ترین