• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوم اقوام متحدہ، کشمیر اور فلسطین پر منظور قراردادوں کے نفاذ میں ناکام

لاہور (رپورٹ ، ریاض الحق )  آج پوری دنیا میں اقوام متحدہ کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر اقوام متحدہ کو روشناس کروانے کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات بھی اٹھانا ہے جس سے اس اہم عالمی ادارے کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے،ایک طرف  اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر منظور قراردادوں کے نفاذ میں  ناکام رہا، تو دوسری طرف دنیا بھر میں 16   امن مشنز میں اقوام متحدہ سرگرم رہا، قدرتی آفات  میں گھرے ہوئے افراد کیلئے عملی اقدامات میں نتیجہ خیز  ثابت ہوا،اقوام متحدہ نے اگر ایک طرف جنگوں، زلزلوں، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات سے پیدا ہونے والے حالات میں  اپنا اہم کردار ادا کیا ہے تو اس کے ساتھ ساتھ بنیادی حقوق کی فراہمی جن میں غربت کا خاتمہ، صحت کے لئے خاطر خواہ اقدامات، خواندگی کے فروغ اور دیگر مسائل قابل ذکر ہیں میں اقوام متحدہ ہمیشہ سرگرم رہا ہے۔اگر ایک طرف اقوام متحدہ سماجی سطح پر بھرپورسرگرم ہے تو دوسری جانب قیام امن کے لئے ہمیشہ مشکلات کا سامنا رہا ہے جس کی بنیادی وجہ وہ منفی قوتیں ہیں جو عالمی امن کو سبوتاژ کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رہنے دیتیں۔ بھارت اور اسرائیل نے گزشتہ 68 برسوں سے عالمی امن کی دھجیاں اڑادی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر منظور قراردادوں کے نفاذ میں ہمیشہ ناکامی کا سامنا رہا ہے جس کے باعث ناصرف ان خطوں میں امن خواب کی حیثیت اختیار کر چکا ہے بلکہ اس سے دیگر خطے بھی کشیدگی کی زد میں آچکے ہیں جس کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث ناصرف کشمیر بلکہ جنوبی ایشیائی خطے کا امن بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ اقوام متحدہ کے عالمی دن کے حوالے سے جنگ ڈویلپمنٹ رپورٹنگ سیل نے مختلف ذرائع سے جو اعدادوشمار حاصل کئے ہیں اس کے مطابق گزشتہ برس اقوام متحدہ نے انسانی ہمدردی کے لئے 28 ارب ڈالر زامداد اکٹھی کی جس کا مقصد دنیا کے مختلف خطوں میں غربت میں جکڑے ہوئے افراد کی بحالی شام اور دیگر خطوں کے مہاجرین کی آباد کاری اور قدرتی آفات کے باعث مشکلات میں گھرے ہوئے افراد کے لئے عملی اقدامات کرنا ہے۔ گلوبل ہیومنٹیرین اسسٹنٹس کی رپورٹ برائے 2016ء کے اعدادوشمار کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے انسانی ہمدردی کے فروغ کی کوششوں کے لئے اکٹھی کی جانے والی امداد میں گزشتہ برس16 فیصد اضافہ ہوا ۔2014ء میں اقوام متحدہ کی جانب سے عالمی سطح پر انسانی ہمدردی کے لئے 24 ارب ڈالزر کی امداد اکٹھی کی گئی جو 2015ء میں بڑھ کر28 ارب ڈالر زہو گئی۔ اقوام متحدہ جہاں سماجی سطح پر سرگرم ہے وہیں قیام امن کے حوالے سے اقوام متحدہ کی کوششوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا جس کا اندازہ اقوام متحدہ کے ان اعدادوشمار سے بآسانی لگایا جا سکتا ہے کہ آج بھی دنیا کے مختلف خطوں میں 16 امن مشن میں اقوام متحدہ اپنا بھرپورکردار ادا کررہا ہے جبکہ قیام امن کی کوششوں میں68 برسو ں کے دوران اقوام متحدہ کے 3466اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں جبکہ اقوام متحدہ کی امن کوششوں میں اب بھی ایک لاکھ 23ہزار 53 افراد اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں جن میں 89 ہزار 546 فوجی اور 13 ہزار 434 پولیس اہلکار شامل ہیں۔دوسری جانب 16471 سویلین اہلکار جن میں 5256 انٹرنیشنل اور 11215 لوکل اہلکار شامل ہیں بھی اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
تازہ ترین