• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج اوردھرنے سی پیک کوروکنے کیلئے ہورہے ہیں،عبدالقادر بلوچ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ پاکستان ٹیک آف کی پوزیشن میں آچکا ہے ،ملک بھر میں 151ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کی یقین دہانی ہوچکی ہے، جو لوگ احتجاج اوردھرنوں کی باتیں کررہے ہیں انھیں حکومت سے کوئی اختلاف نہیں بلکہ وہ سی پیک کو روکنے کیلئے یہ سب ڈرامہ کررہے ہیں ۔ اتوار کو اسلام آباد میں خان عبدالقیوم خان کی برسی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ قائداعظم کے مخلص اور دیرینہ ساتھیوں میں عبدالقیوم خان کا شمار بھی تھا جن کی ذمہ داری قائداعظم نے ریفرنڈم میں لگائی اور وہ کامیاب رہے۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ مسلم لیگی دھڑوں کا اتحاد پوری قوم کی خواہش ہے،عوامی مینڈنٹ کا احترام کیا جائے،عبدالقیوم خان نے اپنے دور اقتدار میں جتنے کام کے پی کے میں کیے ہیں اسکی کوئی مثال نہیں ملتی اور آج تک کوئی سیاستدان یہ ریکارڈ نہیں توڑ سکا۔مسلم لیگ ن کے پی کے کے صدر پیر صابر شاہ نے کہا کہ پاکستان اور کے پی کے کے لئے خان عبدالقیوم کی خدمات بے مثال ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے اندر کچھ تقاریریں ایسی ہوئیں جو سی پیک کے خلاف اور ملک کو انتشار کی طرف دھکیلنے کی کوشش تھی، اس کے پیچھے کی قوتوں کے ناپاک عزائم کو بھی قوم کی مدد سے ناکام بنائیں گے۔مسلم لیگ ضیاءالحق کے سربراہ اعجاز الحق نے کہا کہ مسلم لیگ ن تمام دھڑوں میں سب سے بڑی جماعت ہے،مسلم لیگ ن کے سربراہ کو چاہیے کہ وہ تمام لیگی دھڑوں کے اتحاد کے لئے پیش کیش کریں ، وزیراعظم نواز شریف کی سیاسی بصیرت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے سرد خانے میں پڑے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ اور عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ایم این اے کیپٹن صفدر نے کہا کہ عمران خان جو اسلام آباد بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں وہ دراصل سی پیک کو کسی کے کہنے پر روکنا چاہتے ہیں لیکن پوری قوم عمران خان کو اس سازش میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیگی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (قیوم) کے چیف آرگنائزر کنور قطب الدین، سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد، صحافی ادیب، شاعر آزاد بن حیدر، سلیم اعوان، سابق صوبائی وزیر راؤ انیس، عبید اللہ سرحدی، عدنان شہزادہ بھی موجود تھے۔
تازہ ترین