• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسری قوت آئی تو ذمہ دار نواز شریف ہونگے، اس بار یقین ہے امپائر کی انگلی اٹھ چکی، عمران خان

ڈی آئی خان‘اسلام آباد(ایجنسیاں) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف قومی مجرم ہیں ‘ان کووزیراعظم نہیں مانتا ،وہ 2نومبر کو تلاشی دیں گے یا استعفیٰ ،زرداری ڈاکو‘فضل الرحمان ڈیزل اورایزی لوڈ نوازشریف کے ساتھی ہیں‘ ہمارے احتجاج کی وجہ سے تیسری قوت آئی تو ذمہ دار میں نہیں نواز شریف ہونگے ، یقین ہے اس بار امپائر کی انگلی اٹھ چکی ہے‘دھرنے کی آڑ میں فوج کو بدنام کیا جا رہا ہے، ہمیں فوج یا نان اسٹیٹ ایکٹرز کی حمایت حاصل نہیں ،تشدد اور زور زبردستی سے نقصان حکومت کا ہوگا‘شہباز شریف سن لیں اگر انہوں نے اپنے گلو بٹ یا پنجاب پولیس کو استعمال کیا تو ان کو اس کی قیمت چکانا ہو گی‘ہمیں احتجاج نہ کرنے کا مشورہ دینے والی اپوزیشن کے لوگ خود بھی کرپٹ ہیں اور جانتے ہیں نواز شریف کے بعد ان کی باری آئے گی اس لئے وزیر اعظم کو بچا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے اتوارکو ڈیرہ اسماعیل خان میں  ورکرز کنونشن سے خطاب اوربنی گالہ میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔کنونشن سے خطا ب کرتے ہو ئے تحریک انصاف کے سیکرٹر ی جنرل جہانگیر ترین نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کے دفن ہونے کا وقت آگیا ہے اور یہ تحریک انصاف کے کارکنوں کے ہاتھوں ہی گرفتار ہونگے ‘دو نومبر کو پی ٹی آئی چور کو پکڑنے اسلام آباد آرہی ہے اس وقت تک واپس نہیں جائیں گے جب تک چور کو نہیں پکڑا جاتا‘کارکن سر پر کفن باندھ کر اسلام آباد آئیں ‘یہ جہا د ہے‘ لاکھوں افراد کا سمندر کرپٹ حکومت کو بہا کر لے جائیگا ‘تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستا ن میں کرپٹ مافیا کے خلاف تحریک انصاف تنہا کھڑی ہے‘ کرپشن کے خلاف جو لوگ ہیں وہ تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور جو کرپٹ ہیں وہ نوا زشریف کے ساتھ ہیں‘ورکرز کنونشن سے صو با ئی وزیر مال علی امین گنڈہ پور نے بھی خطا ب کیا ۔ڈی آئی خان میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ وزیراعظم 30سال سے کرپشن کررہے ہیں اور آصف زرداری تو خود ڈاکو ہیں وہ نوازشریف کو کیسے پکڑسکتے تھے‘ 2 نومبر کو ملک کی تقدیر بدلیں گے‘ظالم کے سامنے سرنہیں جھکائیں گے‘ ایک طرف پی ٹی آئی ہے تو دوسری طرف کرپٹ زرداری ، ایک ڈیزل پرمٹ پر ضمیر بیچنےوالا فضل الرحمن ،گھنٹوں تقریر کرنے والا الطاف حسین، ایزی لوڈ اور نواز شریف ہے‘فضل الرحمن نے 40 سال تک عوام کو اسلام کے نام پر ورغلایا ‘اداروں نے نوازشریف پر ہاتھ نہ ڈالا تو ہم نے سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا‘ نوازشریف ادارے خریدتے رہے اور سپریم کورٹ پر بھی حملہ کیا جبکہ انہوں نے ایک آرمی چیف کوبھی خریدنے کی کوشش کی‘ہم کرپشن کا جواب مانگتے ہیں تو نوازشریف فیتے کاٹناشروع کردیتے ہیں‘ نواز شریف اداروں پر قبضہ کرکے بیٹھے ہیں‘2 نومبر کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہوگا اور پولیس کو ڈنڈا چلانے کی جرات نہیں ہوگی‘  قبل ازیں ڈیرہ اسماعیل خان روانگی سے قبل بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس میں وزیراعظم کے خلاف کرپشن کے ثبوت موجود ہیں اور تمام انگلیاں وزیراعظم کی طرف اٹھ رہی ہیں‘ ہمارے دھرنے کی آڑ میں فوج کو بدنام کیا جا رہا ہے، دھرنے کے لئے فوج کی حمایت ہے نہ نان اسٹیٹ ایکٹرز کی لیکن اگر کوئی تیسری طاقت آئی تو ذمہ دار نوازشریف ہوں گے‘ ہم احتجاج تیسری قوت لانے کے لئے نہیں کر رہے ‘ہماری 20 سال کی جدوجہد کسی اور کو لانے کےلئے نہیں ہے‘خود کو اپوزیشن کہنے والے نواز شریف کا دفاع کر رہے ہیں اور سڑکوں پر نہ نکلنے کا کہنے والے اپنی کرپشن بے نقاب ہونے سے خائف ہیں، انہیں پتہ ہے نواز شریف کے بعد ان کی باری آئے گی اس لئے وہ وزیر اعظم کو بچا رہے ہیں‘سپریم کورٹ کورٹ نوازشریف کو سزادے گی لیکن ہم استعفیٰ یا تلاشی مانگ رہے ہیں لہذا سپریم کورٹ اپنا کام کرتی رہےہم اداروں کے اختیارات کے لیے نکلے ہیں ۔
تازہ ترین