• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں صرف نعرے،افغانستان میں حکمتیارسے مفاہمت عملی تبدیلی ہے

کراچی(ٹی وی رپورٹ)جیونیوزکے مقبول پروگرام’’جرگہ‘‘کے میزبان سلیم صافی نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے نعرے تو پاکستان میں لگ رہے ہیں لیکن عملاً تبدیلی افغانستان میں آگئی ہے، یہ تبدیلی حزب اسلامی کے قائد گلبدین حکمت یار اور افغان حکومت کے درمیان مفاہمت کی صورت میں آئی ہے،اس معاہدہ پر گلبدین حکمت یار کے بعض سابق حریف ناراض اور برہم بھی ہیں، اس کی ایک جھلک سابق افغان صدر برہان الدین ربانی کی برسی کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں دیکھنے کو ملی جب حامد کرزئی کے خلاف شمال سے تعلق رکھنے والے بعض افراد نے نعرے بازی کی، حامد کرزئی نے ڈھٹائی کے ساتھ گلبدین حکمت یار کے ساتھ مفاہمت حتیٰ کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کی کوششوں کا بھی دفاع کیا۔پروگرام میں معطل ایجوکیشن افسر عذرا آفریدی،پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے نائب صدر عطاء الرحمن عباسی اور کراٹے کے میدان میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے جنوبی وزیرستان سے بے گھر قبائلی نوجوان عرفان محسودنے بھی شرکت کی۔ سلیم صافی کا مزید کہنا تھا کہ دوسری طرف قندھار میں افغان پولیس کے چیف عبدالرازق نے یہاں تک کہہ دیا کہ افغانستان میں اصل جہاد ملا محمد عمر اور ملاداد اللہ اخوند نے کیا ہے۔سلیم صافی نے کہا کہ تبدیلی اسے کہتے ہیں کہ ایک طرف ڈاکٹر اشرف غنی اور حامد کرزئی دونوں گلبدین حکمت یار کو گلے لگارہے ہیں، گلبدین حکمت یار جنگوں کے نقائص بیان کررہے ہیں اور طالبان پر بھی زور دے رہے ہیں کہ وہ افغان حکومت کے ساتھ بات چیت کی طرف آئیں، دوسری طرف حامد کرزئی کے دور میں منتخب ہونے والے،طالبان کے خلاف پچھلے بارہ سال سے لڑنے والے عبدالرازق کہتے ہیں کہ اصل مجاہد ملا محمد عمر اور ملاداد اللہ اخوندہیں۔سلیم صافی نے تجزیے میں مزید کہا کہ تین اگست 2016ء کو بنی گالہ میں عمران خان ایک پریس کانفرنس میں وفاقی حکومت کی بدعنوانیوں، زیادتیوں کا تذکرہ اور خیبرپختونخوا کے کارناموں کو تفصیل سے بیان کررہے تھے کہ اس دوران ایک خاتون نے اسٹیج پر آکر عمران خان کے سامنے فریاد شروع کردی، ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان یوسف زئی ان کو اور ان کے خاندان کے لوگوں کو انتقام کا نشانہ بنارہے ہیں، ان کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ انہوں نے محکمہ تعلیم سے کرپشن ختم کرنے کی کوشش کی لیکن وزیراور ان کے ماتحت عملے نے کرپٹ لوگوں کے بجائے مبینہ طور پر اس خاتون کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں۔اسسٹنٹ سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر صوابی عذرا آفریدی نے کہا کہ مجھے کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے پر خیبرپختونخوا حکومت نے انتقام کا نشانہ بنایا ہے۔اسسٹنٹ سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر صوابی عذرا آفریدی نے کہا کہ عمران خان بتائیں میں نے کرپشن کے خلاف آواز اٹھا کر کون سا جرم کیا ہے، میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے، پچھلے انتخابات میں عمران خان کو ووٹ ڈالا تھا۔ مجھے کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے پر خیبرپختونخوا حکومت نے انتقام کا نشانہ بنایا ہے، 14 دسمبر 2015ء کو مجھے میری ذمہ داریوں سے روک کر میری تنخواہ بند کردی گئی، مجھے مرد کلرکوں کے ساتھ بیٹھنے پر مجبور کیا گیا، میں نے اس بارے میں 400صفحات کی درخواست وزارت تعلیم، صوبائی محتسب، چیف سیکرٹری شکایات سیل، سیکرٹری ایجوکیشن اوروزیر تعلیم کو دی ہے۔ انہوں نے کلمہ پڑھ کر کہا کہ میں ایک زندہ ضمیر آفیسر ہوں جس نے پاگل پن کی طرح عمران خان کے منشور کو فالو کرنے کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردیا ہے، میرے معصوم بچوں کو یرغمال بنادیا گیا ہے، مجھے ذلیل و خوار اور تنہا کردیا گیا ہے، میں نے عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران اسٹیج پر آنے سے قبل کئی دفعہ ان سے ملنے کی کوشش کی تھی۔عذرا آفریدی کا کہنا تھا کہ میرے علاقے میں کچھ اسکول صرف کاغذات میں چل رہے تھے، ان بند اسکولوں کیلئے ہر مہینے اساتذہ کی تنخواہیں اور سالانہ فنڈز جاری ہوتے ہیں، میں نے اس کا نوٹس لیا ، محکمہ تعلیم کے ایس ڈی او اور کلرک نے غیرقانونی کام میں ساتھ نہ دینے پر میرے معصوم بچوں اور بھائی کے خلاف قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر کٹوائی،اس ایجوکیشن آفیسر نے بٹگرام میں کروڑوں روپے کی کرپشن کی ہے، اس نے وہاں بوگس تقرریاں کی تھیں جس پر اینٹی کرپشن ڈپارٹمنٹ اس سے آٹھ لاکھ روپے کی ریکوری کرچکا ہے، لیکن اس کے باوجود وہ عاطف صاحب کی وزارت میں بڑے دھڑلے سے انتظامی پوسٹ پر بڑھا ہوا ہے،مجھے بغیر کسی انکوائری کے ہری پور سے ضلع صوابی بھجوادیا گیا جہاں میں نے اسکول گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول اسماعیل آباد میں راہ فنڈ میں 16لاکھ 86ہزار روپے کی کرپشن پکڑی۔عذرا آفریدی نے بتایا کہ میں 23دسمبر 2015ء کو وزیرتعلیم عاطف خان کے پاس گئی اور انہیں بتایا کہ مجھے عمران خان کے پی اے طاہر صاحب نے اسلام آباد سے بھیجا ہے، عاطف خان نے جواباً مجھے کہا کہ یہ میرا مسئلہ نہیں ہے، عمران خان کے پی اے مجھے لندن سے بھی فون کرتا تو میں تمہیں جوتی کی نوک پر رکھتا، میں نے جب ان سے کہا میری بات سن لیں تو اس نے مجھے معطل کرنے کا حکم دیدیا۔ عذرا آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے بھی میر ی دو دفعہ فون پر بات ہوئی تھی ،انہوں نے مجھے اس معاملہ کا نوٹس لینے کا یقین دلایا تھا لیکن آج دو سال گزرگئے ہیں، وزیرتعلیم اس لابی کے ساتھ ملے ہوئے ہیں جو نظام تعلیم کو ٹھیک دیکھنا نہیں چاہتے ہیں۔ پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے نائب صدر عطاء الرحمن عباسی نے کہا کہ میری تحقیقات کے مطابق عذرا آفریدی واقعی ایک مظلوم عورت ہیں۔ کراٹے کے میدان میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے جنوبی وزیرستان سے بے گھر قبائلی نوجوان عرفان محسود نے کہا کہ میں نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ full contact knee strike کر کے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروایا ہے، جیکی چن کو دیکھ کر مارشل آرٹس کا شوق ہوا،ڈیرہ اسماعیل خان میں کالج کے دوران مارشل آرٹس سیکھنا شروع کیا تھا،پش اپس اور پنچنگ کی مختلف کیٹگریز میں پانچ چھ مزید ریکارڈ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کیلئے بھجوائے ہیں،حکومت کی طرف سے مجھے کوئی مدد نہیں فراہم کی گئی ہے،حکومت سے اپیل ہے کہ قبائلی علاقوں کے نوجوان کو کھیل کے میدان میں سپورٹ کیا جائے تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکیں۔
تازہ ترین