• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد دھرنا سپریم کورٹ پر عدم اعتماد کے مترادف ہے، میاں افتخار

پشاور(صباح نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا ہر کسی کا بنیادی حق ہے تاہم احتجاج کی آزادی اتنی ہی ہونی چاہئے جس سے کسی دوسرے کا حق مجروح نہ ہو۔احتجاج ، سول نافرمانی،شہروں کو بند کرنا اور عوام کو تکلیف دینے میں فرق ہے ۔بہتر یہی ہے کہ احتجاج کیلئے ایسا راستہ اختیار کیا جائے جس سے عوام کو تکلیف نہ ہو ۔پشاور میں منعقدہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ صوبے میں پارٹی تنظیم سازی کا عمل جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے حوالے سے کیس عدالے میں زیر سماعت ہے اور اس دوران احتجاج کرنا سپریم کورٹ پر عدم اعتماد کے مترادف ہے اور فیصلے کا انتظار کئے بغیر اگر پارلیمنٹ اور عدالتوں پر بھی اعتماد نہ ہو تو یہ ملک کیسے چلے گا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسا راستہ اپنایا جائے کہ جس سے سیاسی مقاصد بھی پورے ہوں۔ عوام کو بھی تکلیف نہ ہو اور جمہوریت بھی ڈی ریل ہونے سے بچ جائے ۔ مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ عمران خان کی جماعت کی اپنی حکومت خیبر پختونخوا میں مکمل کنگال ہو چکی ہے اور وہ اپنی ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کرنے اور بجٹ کیلئے سرکاری زمینیں فروخت کر کے حکومتی نظام چلانا چاہتی ہے۔
تازہ ترین