• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماریہ شراپووا کو ڈبلیو ٹی اے عالمی رینکنگ سے باہر کردیا گیا

کراچی (اسپورٹس ڈیسک) معطل روسی ٹینس اسٹار ماریہ شراپووا کو وومن ٹینس ایسوسی ایشن میں سنگلز کی  عالمی رینکنگ سےہٹا دیا گیا ہے ۔اس بات کا اعلان پیر کو ٹینس ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ پر کیا گیا ۔ گزشتہ ہفتے 29سالہ ماریہ شراپووا رینکنگ میں 93 ویں پوزیشن پر تھیں ۔ شراپووا ان دنوں اینٹی ڈوپننگ قوانین کی خلاف ورزی کی سزابھگت رہی ہیں ۔ گو کہ کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے 4 اکتوبر کو ان کی سزا میں کمی کر کے 24ماہ سے 15 ماہ تک کر دی تھی ۔ جس کے بعدسابق عالمی نمبر ایک شراپووا آئندہ برس 26 اپریل سے سرکاری طور پر کھیلوں کا حصہ ہو ں گی ۔شراپووا کے پاس اتنے پوائنٹس نہیں کہ وہ آئندہ برس فرنچ اوپن گرینڈ سلم ٹورنامنٹ میں براہ راست حصہ لے سکیں،ان کے پاس صرف  وائلڈ کارڈ انٹری کا آپشن ہے۔فی الحال وہ صرف نمائشی میچز کھیل سکتی ہیں ۔ رواں برس دسمبر میں شراپووا 2016 فرنچ اوپن کی فاتح گاربائن مگاروز ا کیخلاف نمائشی میچ میڈرڈ میں کھلیں گی ۔ جبکہ ان کی پابندی ختم ہونے کے فوری بعد ہونے والا ٹورنامنٹ فرنچ اوپن 2017 ہوگا۔
تازہ ترین